بنگلور سے چینئی تک 6لائن والی سڑک کی تعمیر 5مرحلوں میں پراجکٹ مکمل کیا جائے گا: اتھارٹی
03:16PM Sun 4 Feb, 2018
بنگلور۔3؍فروری(سالار) گزشتہ سال مرکزی حکومت نے بنگلوراور چینئی کے درمیان 265کلومیٹر طویل6لائن والی سڑک تیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اس کیلئے قومی شاہرا ہ اتھارٹی آف انڈیا ( این ایچ اے آئی) نے ٹنڈر بھی طلب کئے تھے۔ 1119کروڑ روپئے کی لاگت سے اب تک صرف 10فیصد کام مکمل کیا گیا ہے۔ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق پراجکٹ کو مکمل کرنے میں 2سال سے زائد کاعرصہ لگے گا اوراس کام کو5مرحلوں میں انجام دیا جائے گا۔ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد بنگلورو سے چینئی تک کا سفر 4گھنٹے یا اس سے کم وقت میں طے کیا جا سکے گا۔اس وقت اسی دوری کو بذریعہ کار 6۔7گھنٹوں میں طے کیا جارہاہے ۔ گزشتہ سال مرکزی وزیر نتن گڈ کری نے اس سلسلہ میں اعلان کیا تھا کہ 2018ء سے مذکورہ پراجیکٹ کو شروع کیا جائے گا ۔ جس پر عمل آوری ہورہی ہے ۔ این ایچ اے آئی سے موصولہ اطلاع کے مطابق بنگلورو سے مالور تک 26.4کلومیٹر کی دوری کو پہلے مرحلہ میں مکمل کیا جائے گا ۔ اس کے بعد دوسرے مرحلہ میں کولار سے پلمنیر ، پھر پلمنیر سے چتور اس کے بعد چتور سے کانچی پورم اور پانچویں مرحلہ میں کانچی پورم سے چینئی تک سڑک کی تعمیر ہوگی۔