بنگلہ دیش میں کشتی غرقاب۔ 6 مسافر ہلاک، متعدد لاپتہ

12:21PM Sun 22 Feb, 2015

بھٹکلیس نیوز/22فروری ،15 ڈھاکہ (ایجنسی) بنگلہ دیش میں ایک مسافر کشتی غرقاب ہونے سے چھے افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب دریائے پدما میں یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا جب مسافروں سے کھچاکھچ بھری ایک کشتی مال بردار جہاز سے ٹکرا کر غرقاب ہوگئی۔ حادثہ کے بعد قریب میں موجود دیگر کشتی رانوں نے مسافرین کی مدد کی۔ جس کی وجہ سے متعدد افراد کو بچالیا گیا۔ مہلوکین میں تین مرد، دو خواتین اور ایک چھے سالہ بچہ شامل ہیں۔ حکام نے کارگو جہاز کو ضبط کرتے ہوئے اسکے کپتان اور معاون کپتان کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ کے وقت کشتی پر 150 افراد سوار تھے۔ راحت کاری عملہ لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ دریائے پدما میں اندرون دس یوم دوسرا حادثہ ہے۔ 13؍ فروری کو تقریبا 200 مسافروں سے بھری کشتی غرقاب ہونے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ع،ح،خ