امریکہ : دہشت گردانہ حملہ کے بعد مسلمانوں کو نشانہ بنایا جانا شروع ، مساجد کو اڑانے اورجلانے کی دھمکیاں

01:21PM Sat 4 Nov, 2017

نیو جرسی : امریکہ کے نیویارک میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ایک مرتبہ پھر مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز مہم تیز ہوگئی ہے اور مساجد و اسلامک سینٹروں کو نشانہ بنایا جانا شروع ہوگیا ہے ۔ نیو جرسی میں اسلامک سینٹر آف پیسیک کاونٹی آئی سی پی سی کو متعدد دھمکی آمیز وائس میل موصول ہورہی ہیں ، جس میں مسجد کو دھماکہ سے اڑانے اور جلانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ خیال رہے کہ کچھ دنوں قبل ہی داعش سے وابستہ ایک دہشت گرد ٹرک ڈرائیور نے نیویارک کے لوئر مین ہٹن میں سائیکل لین میں راہگیروں کو ٹکر مار کر 8 افراد کو ہلاک جبکہ 12 دیگر زخمی کردیا تھا۔ ہفنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسلامک سینٹر کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایسی 8 وائس میل موصول ہوئی ہیں ، جس میں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کی مسجدوں کو جلانے کیلئے آرہے ہیں ، ہم آپ کا قتل کرنے کیلئے آرہے ہیں ۔ ایک کالر نے تین وائس میل بھیجی ہیں ، جس میں اس نے اپنے غصہ اور نفرت کا اظہار کیا ہے۔
 جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں آباد مسلم کمیونٹی کا اس طرح کے دہشت گردانہ حملوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ، پھر بھی انہیں ایسی دھمکی آمیز کالیں آتی رہتی ہیں ۔خیال رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی جب کبھی امریکہ میں کہیں پر دہشت گردانہ وارات پیش آتی ہیں ، تو مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا جانا شروع جاتا ہے۔
آئی سی پی سی کے صدر عمر عواد نے پولیس کو اس کی اطلاع دیدی ہے ۔ پٹرسن پولیس محکمہ ، پیسیک کاونٹی شیریف آفس ، ایف بی آئی سمیت فیڈرل اتھاریٹیز اور ہوم لینڈ سیکورٹی محکمہ مسجد انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان دھمکی آمیز کالس کو ٹریک کرنے کی کوشش میں جٹ گیا ہے۔