کشمیر: سید علی گیلانی نے حریت فورم سے علیحدگی کا کیا اعلان

02:23PM Mon 29 Jun, 2020

سری نگر: حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین اور عمر رسیدہ مزاحمتی لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے پیر کے روز اچانک حریت فورم سے مکمل علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔ موصوف لیڈر حریت فورم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے ایک ایک مختصر آڈیو پیغام میں کہتے ہیں کہ ’حریت کانفرنس کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے میں اس فورم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں، اس فیصلہ سے فورم کی تمام اکائیوں کو ایک تفصیلی مکتوب کے ذریعہ مطلع کیا گیا ہے‘۔
 اس سلسلے میں شعبہ نشر و اشاعت کی طرف سے سید علی گیلانی کے ذاتی لیٹر ہیڈ پر بھی ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ اس پریس ریلیز میں لکھا گیا ہے کہ ’چیرمین کل جماعتی حریت کانفرنس جناب سید علی گیلانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے فورم سے مکمل علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے حریت ممبران کے نام ایکی تفصیلی خط روانہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کل جماعتی حریت کانفرنس کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس فورم سے مکمل علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں‘۔
 دریں اثنا معمر حریت لیڈر سید علی گیلانی کے اس غیر متوقع اعلان نے ہر خاص و عام کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے اور وادی کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔