سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر جے پال ریڈی کا انتقال

04:25PM Sun 28 Jul, 2019

سابق مرکزی وزیر و کانگریس کے سینئر لیڈر جئے پال ریڈی علاج کے دوران اتوار کی شب حیدرآباد کے ایک اسپتال میں چل بسے۔ان کی عمر77برس تھی ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ریڈی کو شدید بخار پر20 جولائی کو ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹروانٹرولوجی میں داخل کروایا گیا تھا ، جہاں علاج کے دوران وہ چل بسے۔ ایس جئے پال ریڈی کی پیدائش16جنوری1942 کو تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے چندورمنڈل کے نرمیٹا گاوں میں ہوئی تھی تاہم ان کا اصل تعلق محبوب نگر ضلع کے مادُگلا سے ہے۔ان کی شادی 7مئی 1960کو لکشمی سے ہوئی تھی۔ ریڈی18ماہ کی عمر سے ہی پولیو کا شکار تھے اور ان کو چلنے میں دشواری ہوتی تھی۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم اے کیا تھا۔
 سابق مرکزی وزیر زراعت کے ماہر تھے اور وہ اپنا فاضل وقت مطالعہ میں صرف کرتے تھے۔ انہوں نے کئی ممالک کا دورہ بھی کیاتھا۔ وہ 15 ویں لوک سبھا کے رکن اور سائنس و ٹکنالوجی کے وزیر بھی تھے۔ انہوں نے تلنگانہ کے حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے 1998میں مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات کے طورپر آئی کے گجرال کی حکومت میں خدمات انجام دی تھیں۔ 1999میں 21 سال بعد وہ کانگریس میں واپس ہوئے۔ 2004میں وہ مریال گوڑہ حلقہ سے 14ویں لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے اور ان کو وزیراطلاعات و نشریات اور وزیر شہری ترقی یو پی اے ون میں بنایاگیا تھا۔
سال 2009 میں وہ 15ویں لوک سبھا کے لئے چیوڑلہ حلقہ سے منتخب ہوئے اور وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس کے طورپر خدمات انجام دیں۔ ریڈی نے 29 اکتوبر2012 سے 18مئی 2014 تک وزیر ارضی سائنس و سائنس و ٹکنالوجی کے وزیر کے طورپر خدمات انجام دیں۔ اپنے سیاسی کیرئیر کے دوران ریڈی پانچ مرتبہ لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے، دو مرتبہ راجیہ سبھا کے رکن بنائے گئے اور چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کی موت پر کانگریس پارٹی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا”ہمیں جئے پال ریڈی کے چل بسنے پر صدمہ پہنچا ہے۔ وہ کانگریس کے ایک سینئر رہنما تھے ۔ انہوں نے پانچ مرتبہ لوک سبھا کے رکن ، دو مرتبہ راجیہ سبھا کے رکن اور چارمرتبہ ایم ایل اے کے طورپر خدمات انجام دی تھیں۔ ہمیں امید ہے کہ ان کے خاندان اور دوست، دکھ کی اس گھڑی میں اس صدمہ کو برداشت کرنے کی ہمت پائیں گے“۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کما رریڈی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے عظیم فرزند جئے پال ریڈی کی موت پر گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا۔ان کی موت میرے لئے اور انڈین نیشنل کانگریس کے لئے ایک دھکہ ہے۔ ہم ان کی کمی کو محسوس کریں گے“۔ تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راو جو وزیراعلی کے چندرشیکھر راو کے فرزند بھی ہیں نے کہا ”سینئر لیڈرو سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کے ارکان خاندان اور دوستوں سے میری تعزیت۔ جئے پال ریڈی آج صبح کی اولین ساعتوں میں چل بسے“۔