جمعیۃ علماء کے مقاصد کو غور سے پڑھاجائے،تقابل کے لئے نہیں خلوص وللہیت سے کام کیاجائے:مولانامحمدقاسم
05:57PM Thu 27 Apr, 2017
اراکین مجلس عاملہ جمعیۃ علماء بہارکا اجلاس اختتام پذیر،اسلامی تشخص کے تحفظ ودیگر اہم مسائل پر تجاویز کی منظوری
پٹنہ ۔(بھٹکیس نیوز)جمعیۃ علماء بہار کے اراکین مجلس عاملہ اور مدعوئین خصوصی کی اہم اور مشاورتی نشست ،آج صدرمحترم جمعیۃ علماء بہار جناب مولانامحمدقاسم صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی ،اراکین مجلس عاملہ میں سے جناب مفتی جاوید اقبال صاحب نائب صد ر جمعیۃ علماء بہار،مولانا قاری شہرت،مولانا صلاح الدین فیروز سمستی پور،مفتی محبوب صاحب بتیا،مولانا اظہار صاحب حاجی پور،مکھیا شعیب صاحب دربھنگہ،مفتی ابوذر مدھوبنی،مولانا بدرالدجی کٹیہار،مولانا مسلم ایاز جہان آباد،مولانا مرغوب الرحمن پٹنہ،مولانا نوراللہ مدھوبنی،مولانا منظور نعمانی پورنیہ،مولانا نظرالباری دربھنگہ،قاری ایازاحمد،مفتی خالد انورپورنوی ،جناب مولانامحمدناظم جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بہار ،اور دیگر مدعوئین خصوصی شریک ہوئے،جناب قاری مسلم ایازجہاں آباد نے قرآن کریم کی تلاوت سے مجلس کا آغاز کیا،جناب مولانامحمدناظم نے سابقہ کاروائی کی خواندگی کی،تمام اراکین عاملہ نے اس کی توثیق فرمائی ،گذشتہ منظور شدہ تجاویز کی روشنی میں موصوف نے سکریٹری رپورٹ پیش کیا،سامعین نے جذباتی انداز میں اس کی تائید فرمائی ،اور کہنے لگے :اس سے پہلے اتنے کم وقت میں اس طرح کا کام نہیں ہوا،جناب مولانامحمدقاسم صاحب کے عہد صدارت میں الحمدللہ کام میں بڑی تیزی آئی ہے، جمعیۃ علماء بہار کی ترقی، استحکام، پسماندہ علاقوں میں دینی مکاتب کے قیام، اسلامی تشخص کا تحفظ اور معاشرتی اصلاح پر غور، موجودہ ملکی فرقہ وارانہ صورت حال اور اس کا انسداد، دیگر امور پر اہم فیصلے لئے گئے، جمعیۃ علماء بہار کی ترقی او راستحکام پر غور وفکر کرتے ہوئے اراکین مجلس عاملہ نے ضلعی شاخوں کے قیام اور اس کے متحرک بنانے کے ساتھ بلاک اور پنچایت سطح پر انتخاب کرانے اور اسکی عملی تشکیل کی طرف توجہ دلائی ، پسماندہ علاقوں میں دینی مکاتب کے قیام اور اس کی ضرورت پر غور وفکر کرتے ہوئے پسماندہ اور ناخواندہ علاقوں میں مکاتب کے قیام کی طرف شدید ضرورت کا احساس دلاتے ہوئے تمام مدارس اسلامیہ سے اپیل کی اپنے بجٹ کا دس فیصدی مکاتب کے قیام کے لئے صرف کریں، اجلاس نے سخت تشویش کا اظہار کیا کہ دینی علاقوں میں دین وایمان سے دوری عام ہوتی جارہی ہے ، عصری تعلیم گاہوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو دین کی بنیادی باتیں بھی معلوم نہیں ہیں، جمعیۃ علماء بہار کے اجلاس نے ریاستی اور ضلعی شاخوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ صباحی اور شبینہ مکاتب کے ذریعہ دین کاعلم حاصل کرنے کے لئے راستہ ہموار کریں، اسلامی تشخص کے تحفظ اور معاشرتی اصلاح پر غور وفکر کرتے ہوئے اجلاس نے فیصلہ لیاکہ نشہ مخالف، جہیز بندی، فحاشی، اور عریانیت کے روک تھام کے لئے شریعت بیداری مہم میں مزید بہتری لائی جائے گی، اجلاس نے مسلمانوں کے تعلق سے اسلامی تشخص کو لے کر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: مغربی تہذیب کے غلبے، جاہلانہ اور ہندوانہ رسم ورواج کے فروغ کی وجہ سے مسلم معاشرہ پوری طرح بگاڑ کا شکار ہوچکا ہے، معاملات، تجارت، شادی بیاہ میں بے راہ روی عام ہے ، بے حیائی ، بدکاری بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے ،مسلم لڑکے اور لڑکیاں دین اسلام سے پھر رہے ہیں، ایسے میں جمعیۃ علماء ہند کی تحریک کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کی پوری کوشش کی جائے ، جمعیۃ علماء بہار کے اراکین نے مسئلہ طلاق ، حلالہ ودیگر اہم مسئلہ پر لٹریچر، پمفلیٹ شائع کرنے کا بھی فیصلہ لیا، ملکی فرقہ وارانہ صورت حال پر غور وفکر ہوتے ہوئے مجلس عاملہ کے اراکین نے عوام وخواص سے صبر وتحمل سے کام کرنے کی اپیل کی، نوادہ میں جو کچھ ہوا ،اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ اس پر سنجیدگی سے غور کیاجائے اور جو نقصانات ہوئے ہیں،اس کی تلافی کی جائے ، جمعیۃ علماء بہار کے اراکین مجلس عاملہ نے ضلعی شاخوں کے ذمہ داروں اور عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ امن وامان کی بحالی کے تعاون وتناصر کی فضاء ہموار کریں، اور پر امن طریقہ سے مسائل کے حل کی کوشش کریں، جمعیۃ علماء بہارکے صدر محترم کی اجازت سے ایجنڈہ کے علاوہ دیگر حساس مسئلہ پر غورفکر کیاگیا،مولانامظہر الحق عربی فارسی یونیورسیٹی کے حوالہ سے اراکین نے واضح انداز میں کہا:مولانامظہر الحق عربی فارسی کاقیام فارسی اور عربی زبان کی ترویج واشاعت کے لئے ہواتھا،مگر وہ جنرل یونیورسیٹیوں کی طرح کام کررہی ہے،سوائے فاضل اور عالم امتحانات کرانے کے کوئی تحقیقی کام سامنے میں نہیں لاسکی ہے،یہ اجلا س اپنی تہذیب وثقافت کی بقا کے لئے مولانامظہر الحق عربی فارسی کے وائس چانسلر سے مطالبہ کرتاہے کہ اس طرف توجہ دی جائے۔ان تما م تجاویز کی اراکین مجلس عاملہ نے منطوری دی،اور پوری دلچسپی سے کام کرنے کاعہد کیا،صدر محترم جناب مولانامحمدقاسم کی دعاء سے مجلس کا اختتام ہوا،دعاء سے قبل انہوں نے خلوص وللہیت سے کام کرنے کی تلقین کی،انہوں تمام نمائندگان کو جمعیۃ علماء ہند کے اغراض ومقاصد کو غورسے پڑھنے کی بھی گذارش کی ،انہوں نے کہا:جمعیۃ کے کام کو ثواب سمجھ کر کریں ،عوام کو شفقت کی نگاہ سے دیکھیں،تقابل کے لئے کام نہ کریں،بلکہ رضائے الہیٰ کے لئے کام کریں۔جناب مولانامفتی اکرم،مولاناعبدالجبار،مولاناعمر فاروق،ماسٹر منظر وغیرہ نے مٹینگ کو کامیاب بنانے میں اہم رول اداکیا۔