ریلی سے پہلے کانگریس صدر راہل گاندھی کا پیغام ، میں ممتا دیدی کے ساتھ ، پورا اپوزیشن ہے متحد

03:23PM Fri 18 Jan, 2019

کانگریس صدر راہل گاندھی گرچہ ممتابنرجی کی دعوت پر19جنوری کی ریلی میں شریک نہیں ہورہے ہیں تاہم انہوں نے وزیر اعلیٰ کے نام خط لکھتے ہوئے ممتا بنرجی کے قدم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پورا اپوزیشن متحد ہے، میں دل سے ممتا دیدی کی حمایت کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ اس ریلی سے ملک بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔ ترنمول کانگریس کی صدر اور وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کانگریس صدر راہل گاندھی اور یوپی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کو اپوزیشن جماعت کی ریلی میں شرکت کی دعوت دیدی تھی۔سونیا گاندھی بیمار ہیں تاہم راہل گاندھی شرکت کرنے کی بجائے سینئر کانگریسی لیڈر ملکا ارجن کھڑکے کو اپنے نمائندے کے طور پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ در اصل مغربی بنگال کانگریس یونٹ نے راہل گاندھی اور سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے ممتا بنرجی کی ریلی میں شریک نہیں ہونے کی درخواست کی تھی۔ بنگال میں کانگریس کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کیے بغیر انتخاب لڑنے کی تیاری کررہی ہے۔
 راہل گاندھی نے اپنے خط میں ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے لکھا ہے کہ ملک کے کروڑوں عوام جھوٹے وعدوں کی وجہ سے پریشان ہیں،ہمیں بہتر مستقبل اور ہندوستان کے آئیڈیا کو آگے بڑھانا ہے۔اپوزیشن جماعت کو متحد کرنے کی کوشش قابل تعریف ہے۔