کیجریوال عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں :شاذیہ علمی

09:23AM Tue 28 Mar, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نویز)دہلی بی جے پی کی نائب صدرشاذیہ علمی نے عام آدمی پارٹی کی قیادت والی حکومت پر عوام سے جھوٹے وعدے کرکے ووٹ بٹورنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال عوام کو بیوقوف بنانا بند کر دیں۔بی جے پی لیڈرشاذیہ علمی نے اتوار کو کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں دہلی کی عوام کو ایک بار پھر سے گمراہ کرنے کے لیے کیجریوال نے ہاؤس ٹیکس کو ختم کرنے کا شگوفہ چھیڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے کیجریوال ہر بار ایسے نئے نئے وعدے کرتے ہیں جو وہ کبھی پورے نہیں کرتے، لیکن پھر بھی وہ لوگوں کو بیوقوف بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کیجریوال سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ عوام کوبیوقوف بنانا اور ان کے جذبات سے کھیلنا بند کریں۔شاذیہ نے کہا کہ مالی بحران سے دو چار کارپوریشن کو پراپرٹی ٹیکس سے30فیصد سے زیادہ کی آمدنی ہوتی ہے، یہ ٹیکس ایم سی ڈی ایکٹ 1957-58کے تحت ایک لازمی ٹیکس ہے۔بی جے پی لیڈر نے مشورہ دیا کہ میونسپل کارپوریشن کو خود کفیل ہونا چاہیے ، نہ کہ مکمل طور پر ریاست یا مرکز کی مدد پر منحصر ۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو اعلان کیا تھا کہ کارپوریشن انتخابات میں جیت درج کرنے پر وہ ہاؤس ٹیکس کو ختم کر دیں گے، اتنا ہی نہیں ماضی میں زیر التوا ہاؤس ٹیکس کو بھی معاف کر دیا جائے گا۔