ملک مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔۔سید شاہ نواز حسین
02:25PM Wed 22 Feb, 2017
نئی دہلی۔(بھٹکلیس نیوز)بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سید شاہ نواز حسین نے کہا کہ حکومت ہند ملک دشمن سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گا اور کہا کہ کسی فرد کو بھی یہ حق نہیں ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف علم بغاوت اٹھائے۔ ہندوستان کے آئین میں اظہار آزادی ہے۔ لیکن اس کا مطلب نہیں ہے کہ اس کو ملک دشمن سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جائے۔ اظہاررائے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے نعرے بلند کیا جائیں ۔ذرائع کے مطابق سید شاہ نواز حسین نے دہلی میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں نے بھی کبھی بھی ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے نعرے نہیں لگائے حالانکہ وہ کشمیر کے آزادی کے نعرے لگارہے ہیں۔ ہم اس قسم کی حرکتوں کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھی جے پی ایسے عناصرکے خلاف لڑے گی جو ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کے میک ان انڈیا پروگرام کو ناکام بنانے کی کوشش کیا جارہا ہے۔ اگر آپ مودی جی کی مخالفت کریں گے تومجھے اس سے اعتراض نہیں ہے ۔ لیکن میں یہ قطعا برداشت نہیں کروں گا کہ ملک کی سالمیت پر کوئی آنچّ آئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ دیا ہے۔ یہ کہنے پر کہ ملک میں عدم رواداری بڑھ گئی ہے۔ شاہ نواز حسین نے کہا کہ حکومت نے کسی کے ساتھ امتیاز نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیم پر زور دینا چاہئے ۔ اس سلسلے میں جنوبی ریاستوں نے سبقت حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں شاہ نواز نے کہاکہ وزیراعظم اپنے ہمسایوں کے ساتھ رشتے بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے پچھلے سالوں کے دوران کئی ایسے اقدام اٹھائے تاکہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات مزید خوشگوار ہوں۔