بی پی ایل کا چھٹا سیشن اس سال کے اختتام پر ہوگا؛چیرمین بی پی ایل

03:16PM Fri 23 Sep, 2016

بھٹکلیس نیوز / 21 ستمبر، 16 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) "بھٹکل پریمئر لیگ (بی پی ایل) اصل میں گلف میں رہ رہے نوجوانوں کو جوڑنے کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ ہمارے نوجوان جب روزگار کے لئے بھٹکل  سے خلیجی ممالک کا رخ کرتے ہیں تو وہاں وہ مشین کی طرح کام تو کرتے ہیں لیکن انہیں جسمانی طور پر مضبوطی اور نشاط حاصل نہیں ہوتا، تو انہیں مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے اور انہیں غلط راستوں سے بچا کے سوسائٹی سے قریب لانے کے لئے ہم نے بی پی ایل کے نام سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقا د کیا ، جس کے پانچ کامیاب سیشن ہوچکے ہیں اور چھٹے سیشن کا آغاز انشاء اللہ اس سال کے اختتام پر ہوگا"۔ ان خیالات کا اظہار بی پی ایل کے چیرمین جناب عتیق الرحمٰن منیری صاحب نے کیا وہ یہاں ایک نجی ہوٹل میں منعقد اخباری کانفرنس میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اس موقع پر دیگر تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ 27 جنوری سے شروع ہوں گے اور 24فروری 2017 تک چلیں گے۔ٹورنامنٹ کے میچس صرف جمعہ کوڈے نائٹ کھیلے جائیں گے اور یہ تمام میچس   T-20کرکٹ طرز پر  دبئی کے آئی سی سی سے تصدیق شدہ بین الاقوامی سطح کے عجمان اوولمیدان میں کھیلے جائیں گے ۔ جناب عتیق الرحمٰن منیری نے بتایا کہ اس میں بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ہوناور یا  اتر کنرا ضلع کے کسی بھی مقام سے کھلاڑی شریک ہوسکتے ہیں ۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 24/فروری کو ہوگا۔ اس اخباری کانفرنس میں  کا آغاز  امین زھیب کی تلاوت کے ساتھ کیا گیا ، جس کے بعد  عبدالباسط نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔اس موقع پر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری جناب مولانا عرفان ایس ایم ندوی صاحب،  جناب عمران خطیب، جناب  طحہ معلم اور دیگر حضرات موجود تھے۔