عابد مسجد میں ایک روزہ خواتین کا اجتماع

02:19PM Sun 14 May, 2017

خواتین اپنے مقام کو پہچانیں کیونکہ وہ معمار ملت ہیں ۔مولانا عابد خوندمیری چن پٹن۔(بھٹکلیس نیوز)ہم ہندوستان کے قانون کا احترام کرتے ہیں مگر شریعت مصطفی میں مداخلت ہرگز برداشت کرنہیں کرسکتے۔کیونکہ اس ملک کا قانون ہمارے لئے لازم ہے۔ ہمیں چاہئے کہ قانون پر عمل پیراہوں ۔ یہ بہت ضروری ہے لیکن ہمارا دین ، ہماری شریعت اللہ کی دی ہوئی ہے ۔ اس میں کسی قسم کی گنجائش کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کااظہار عابد مسجد چن پٹن میں ہفتہ13؍مئی کو منعقدہ ایک روزہ خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفسر قرآن مولانا سید میرانجی عابد ؔ خوندمیری صاحب نے کیا۔مسلم پرسنل لا ء کی اہمیت اور افادیت پر خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ طلاق ازدواجی زندگی میں پیدا ہونے والے ناگزیر حالات کا حل ہے لیکن چند لوگ اگر اس کا غلط استعمال کرتے ہیں تو اس کی وجہ سے شریعت کو نشانہ ملامت بنانا عقلمندی کی دلیل نہیں ہے ۔آج یہی ہورہا ہے ۔مسلمان اپنے ذاتی مفاد کی خاطراسلامی قوانین کو چھوڑ کر پولیس اور عدالت کے چکر لگاتے ہیں ۔ایسا صرف ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور ذلیل کرنے کے مقصد سے کرتے ہیں۔لہٰذا شریعت کو بدنام کرتے ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ خواتین اپنا مقام پہچانیں ۔ اسلام نے خواتین کو جو مقام دیا ہے کسی اور مذہب میں اس کا عشر عشیر کا تک تصور نہیں پایا جاتا۔خواتین معمار ملت ہیں۔ خواتین کا دین او ر شریعت سے واقف ہونا بہت ضروری ہے ۔کیونکہ انہی کی تعلیم و تربیت سے بچوں کو پہلی تعلیم حاصل ہوتی ہے ۔ایسے ماحول میں اسلامی تعلیمات کی طرف رغبت دلانا ہر مرد و خاتون کا فرض ہے ۔مولاناسید اشرف روحی خوندمیری کی قرأت سے آغاز ہوا۔بعد نماز ظہر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئے جس میں خواتین کی جانب سے کئی سوال کئے گئے اور صدر موصوف نے اس کا مدلل اور تشفی بخش جواب دیا۔ خواتین کی کثیر تعداد اس اجتماع میں شریک رہی۔