نطہرانی جزیرہ کے قریب کشتی غرقاب ؛ ماہی گیر محفوظ
01:03PM Thu 25 Aug, 2016
بھٹکلیس نیوز / 25 اگست،2016
بھٹکل / (نامہ نگار) ماہی گیری کے دوران سمندر میں تیز لہروں کے ٹکرانے سے کشتی میں سوراخ ہوکر پانی گھسنے سے کشتی ڈوبنے کا واقعہ یہاں بدھ کے روز بحر عرب میں واقع نطہرانی جزیرہ کے قریب پیش آیا، البتہ کشتی پر سوار ماہی گیروں کو دوسری کشتی والوں کے تعاون سے بچا لیاگیا ہے۔
اطلاع کے مطابق انّا نامی اس کشتی پر قریب 25/ماہی گیر سوار تھے کہ بیچ سمندر میں پہنچنے کے بعد اس میں سوراخ ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی اندر داخل ہونا شروع ہوا۔ تاہم قریب ہی موجود دیگر کشتی والوں نے ان کی مدد کی اور ماہی گیروں کو اپنی کشتیوں پر سوار کرالیا جس کی وجہ سے تمام ماہی گیر بحفاظت ساحل تک پہنچ گئے البتہ کشتی سمندر کی نذر ہوگئی جس کی وجہ سے ساٹھ لاکھ روپئے کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ہوناور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔