مودی-شاہ نے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا: راہل گاندھی
01:36PM Sun 22 Dec, 2019
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر معیشت کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے اور ان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔
راہل گاندھی نے اتوار کو نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ ٹوئٹ کیا اور کہا ’’پیارے نوجوانو، مودی اور شاہ نے آپ کا مستقبل تبا ہ کر دیا ہے۔ معیشت کو ہوئے نقصان اور نوکریوں کی قلت کو لے کر وہ آپ کے غصے کا سامنا نہیں کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہمارے پیارے ہندوستان کو تقسیم کر رہے ہیں اور پس پردہ نفرت پھیلا رہے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس نوجوانوں کے سوالات کا جواب نہیں ہے اس لئے تو وہ تقسیم کرنے کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں لیکن ملک کو بچانے کے لئے ہمیں ہر ہندوستانی کے ساتھ محبت سے پیش آنا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہر ہندوستانی کے تیئں محبت کا جذبہ رکھ کر ہی ہم ان کی تقسیم کاری کے ارادوں کو نیست و نابود کر سکتے ہیں‘‘۔