طلباء  کی جماعت نے ورچوئل ریالٹی ٹیکنالوجی پر منحصر ایک کمپنی میکس وی آر قائم کی 

01:36PM Sun 2 Apr, 2017

علی گڑھ (بھٹکلیس نیوز)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیڈ ایچ کالج برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبأ کی جماعت نے ورچوئل ریالٹی ٹیکنالوجی پر منحصر ایک کمپنی میکس وی آر قائم کی ہے جو ورچوئل ریالٹی ٹیکنالوجی کو اے ایم یو طلبأ اور علی گڑھ کے باشندگان کے درمیان گیمنگ آرکیڈ کے توسط سے ورچوئل ریالٹی ٹیکنالوجی کو پیش کرے گی اور عمارتوں کے اندرونی ڈیزائن کے لئے سوفٹ ویئر تیار کرے گی۔طلبأ کی اس ٹیم کے لیڈر بی ٹیک میکینیکل انجینئرنگ سال سوئم کے طالب علم شاداب احمد ہیں اور مینٹر اے ایم یو کے ٹی پی او( جنرل) مسٹر سعد حمید ہیں۔اس موقعہ پر منعقدہ پروگرام کے مہمانِ خصوصی اے ایم یو کے افسر رابطۂ عامّہ مسٹر عمر سلیم پیرزادہ نے ان نوجوان صنعت کاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کوطلبأ کی اس پہل سے ترغیب حاصل کرنی چاہئے اور صنعت کے میدان میں آگے بڑھنا چاہئے۔پروگرام کے اعزازی مہمان سی اوسول لائنس مسٹر راجیو کمار سنگھ نے طلبأ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ٹی پی او آ( جنرل) مسٹر سعد حمید نے کہا کہ طلبأ کی اس پہل سے اے ایم یو کے دیگر طلبأ کو کیمپس میں ایک بہتر تعلیمی ماحول قائم کرنے کے لئے ترغیب حاصل ہوگی جس کی دورِ حاضر میں کافی ضرورت ہے۔انہوں نے طلبأ کو ترغیب دلائی کہ وہ حکومتِ ہند کے ذریعہ چلائی جارہی اسٹارٹ اپ مہم کا پوری طرح سے فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کا بہتر طور پرمظاہرہ ہوسکے ا ور وہ ایک کامیاب صنعت کار بن کر ابھریں۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں طلبأ موجود تھے۔