بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کے پیش نظر بھٹکل تنظیم کی جانب سے احتیاطی اقدامات کی اپیل
11:47AM Sun 30 Jun, 2013
بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کے پیش نظر بھٹکل تنظیم کی جانب سے احتیاطی اقدامات کی اپیل
بھٹکلیس نیوز / 30 جون، 13
بھٹکل / (پریس ریلیز) جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے جاری کردہ اخباری بیان میں بھٹکل میں ہورہے سڑک حادثات کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ مجلس کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ "یہ نہایت ہی دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ سڑک حادثاتی اموات میں دن بدن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ اگرچہ تقدیر کے فیصلوں کو ٹالنا یہ کسی کے بس کی بات نہیں ہے لیکن کسی بھی معاملہ میں احتیاط برتنا یہ بھی ہر انسان پر لازمی اور ضروری ہے ۔ تھوڑی سی غفلت اور لاپرواہی کی بناء پر بالخصوص شہر بھٹکل اور اطراف میں سڑک حادثوں کی وجہ سے حالیہ کچھ عرصہ سے المناک سڑک حادثوں کے ذریعہ جواموات ہو رہی ہیں یقیناً اس مسئلہ پرنہایت ہی سنجیدگی سے غوروفکر کر نے کی ضرورت ہے۔ اس صورتحال پر فوری طور پر قابو پانے کے لئے اچھی حکمت عملی کے ساتھ بہترین تدابیر اختیار کر نے کی سخت ضرورت ہے ۔
چونکا دینے والی ان معلومات کے ذریعہ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ سال 2012ء میں 341 سڑک حادثے ہوئے جن میں 87/افراد ہلاک اور 635/ افراد زخمی ہوئے ۔ ان میں 151/ حادثے بائک سواروں کے تھے ۔ ہلاک شدہ87 / افراد میں 30/بائک سوار تھے ۔ جن میں سے8/ افراد کے پاس نہ ڈرائیونگ لائسنس تھا اور نہ ہی گاڑیوں کا انشورنس تھا ۔
سال 2013ء میں جنوری سے اپریل تک 154/حادثوں کی رپورٹ درج کی گئی جن میں 38/ افراد ہلاک اور 81/ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ان میں 8/بائک سوار تھے جن میں سے 2/ بائک سواروں کے پاس نہ ڈرائیونگ لائسنس تھا اور نہ ہی انشورنس ۔
تجزیہ سے معلوم ہوتا ہے کہ حالیہ دنوں میں حادثوں میں زخمیوں کی تعداد میں کمی ہونے کے باوجود ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں امسال بائک کے حادثوں میں اضافہ ہوا ہے ، اور مینگلور کے بعد بھٹکل میں بائک کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔
انسانی جانوں کو بچانے کے نیک مقصد کے تحت جو کہ لاپرواہی کی وجہ سے ضائع ہورہی ہیں ۔ ہم آپ کا بڑی ہی درد مندی کے ساتھ تعاون چاہتے ہوئے مندرجہ ذیل حفاظتی اقدامات پر خود عمل کرنے اور اپنے اہل خاندان اور دوست احباب کو ان پر عمل کی ترغیب دلانے کی درخواست کرتے ہیں ۔
1)اپنی گاڑی کم عمر افراد اور ایسے افراد کو ہر گز نہ دیں جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو ۔ (2) گاڑی تیز رفتاری سے نہ چلائیں ۔ (3 ) ٹرننگ پر اوؤر ٹیک (OVERTAKE) نہ کریں۔ (4) انشورنس کے بغیر گاڑی نہ چلائیں ۔ (5) بائک پر کبھی تین افراد سوار نہ ہوں ۔(6) گاڑی چلانے کے دوران موبائل کا استعمال ہر گز نہ کریں ۔ (7) گاڑی چلاتے وقت ہیلمیٹ ، سیٹ بیلٹ پہنیں ۔
(8) گاڑی کی تمام دستاویزات کی ایک ایک زیروکس کاپی اپنے ساتھ رکھیں ۔
ہم آپ کو یہ بات بھی بتانا چاہتے ہیں کہ سڑک حادثوں میں اسقدر اضافہ کی بناء پر اعلیٰ حکام کی طرف سے متعلقہ ڈپارٹمنٹ کو سختی سے قانون نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے لہٰذا ہماری آپ سے درد مندانہ گذارش ہے کہ مندرجہ بالا ہدایات پر عمل کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات پر سختی سے توجہ دیں ، قانون کا مکمل پاس ولحاظ اور خیال رکھیں ، احتیاط سے گاڑیاں چلائیں ، حادثاتی موت سے حفاظت کے لئے دعاوں کا بھی اہتمام کریں ۔