پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین آؤٹ اسٹنڈنگ اچیومینٹ ایوارڈ اورنشان امتیاز ایوارڈ سے سرفراز
11:21AM Sat 27 Feb, 2016
بھٹکلیس نیوز ؍ 27 فروری، 16
نیودہلی ؍ (راست) اردو ادب کے ممتاز دانشوراورنہایت متحرک وفعال شخصیت پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، استادہندوستانی زبانوں کامرکز، جواہر لعل نہرویونیورسٹی،نئی دہلی کو شعبۂ اردو،استنبول یونیورسٹی ترکی کی جانب سے ’’آؤٹ اسٹنڈنگ اچیومینٹ ایوارڈ‘‘سے نوازاگیا۔اس پروقار تقریب کا اہتما م اردو اکادمی بنگال کی جانب سے ہواتھا۔مورخہ ۱۹۔۲۰ فروری ۲۰۱۶ کواردو اکادمی بنگال کلکتہ نے دوروزہ انٹر نیشنل سمینارکاانعقاد کیا تھا۔اس سمینارمیں صوفی جمیل اختر لٹریری سوسائٹی نے مختلف ادبی نشستوں کا اہتمام کیا تھا ۔اس سمینار میں صدر شعبۂ اردو استنبول یونیورسٹی ترکی، پروفیسر خلیل طوق آرنے یہ اعلان کیا کہ ہم اپنے شعبہ کی طرف سے پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کو آؤٹ اسٹنڈنگ اچیومینٹ ایوارڈ سے سرفراز کر رہے ہیں۔ترکی کی طرف سے اس مستحسن قدم کی تائید میں اردو ادب کے سامعین بے حد خوش ہوئے اور اپنی محبتوں سے نوازا۔ چناں چہ پروفیسر خواجہ اکرام مومنٹو،چادر اور دیگر انعامات سے نوازے گیے۔پروفیسرخواجہ اکرام موجودہ ادبی منظرناموں پر گہری نظر رکھتے ہیں خواہ وہ کلاسیکل اصناف ہوں یا جدید اصناف۔اردو کی نئی بستیوں میں اردوزبان و ادب کے فروغ اور طریقۂ کارپر ان کی بیش قیمتی تحریریں اردو دنیا کے لیے بہت اہم تحفہ ہیں۔اردو کی نئی بستیاں یقیناًاردو زبا ن وادب کے لیے بہت عظیم سرمایہ ہے۔خواجہ اکرام ان بستیوں میں تخلیقی ادب کے لیے بے حدکوشاں ہیں۔اردو سائنس کانگریس علی گڑھ اردو زبان میں سائنسی مضامین کی حصولیابی کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں سر گرم ہیں۔ اردو سائنس کانگریس کا دوسرا سالانہ کانفرنس علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں منعقد کیاگیا تھا ۔اس کانفرنس کے مختلف اجلاس ہوئے جو زیادہ تر شعبۂ میتھ میٹکس علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ہی ہوئے۔اس اجلاس کی آخری نشست ابن سینا اکادمی علی گڑھ میں ہوئی اس نشست میں اردو سائنس کانگریس کے روح رواں پروفیسر عبد المعز شمس نے یہ اعلان کیا کہ پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کو اردو زبان میں جدید اطلاعاتی تکنیکوں کو فروغ دینے اور ان کو مقبول عام کرنے کے اعتراف میں اردو سائنس کانگریس علی گڑھ انہیں نشان امتیاز ایوارڈ سے نوازتی ہے۔چناں چہ پروفیسر خواجہ اکرام مومنٹو اور دیگر انعامات سے نوازے گیے۔واضح ہو کہ پروفیسر خواجہ اکرام کا نام اردو زبان اورجدید تکنالوجی کے فروغ میں اہم اور نمایاں ہے۔جدید نسل کی رہنمائی میں بھی ان کا اہم رول ہے ۔پروفیسر خواجہ اکرام نے ان دونوں ایوارڈ کے لیے شعبہ اردو استنبول یونیورسٹی،ترکی اوراردو سائنس کانگریس علی گڑھ کا شکریہ اداکیا ہے۔