گرام پنچایتوں کی ترقی کیلئے منصوبہ تیار: سدرامیا
04:23PM Wed 11 Jan, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج بتایاکہ ریاست میں گرام پنچایتوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اگلے پانچ سال کا ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ ودھان سودھا میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اس ایکشن پلان پر تعلقہ وضلع کمیٹیوں کے ذریعہ رپورٹ پیش کی جائے گی اور یہ رپورٹ ان کی قیادت والی ریاستی کمیٹی میں زیر بحث آئے گی، جس کا جائزہ لینے کے بعد اسے قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات کو کسی بھی حال میں تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ ریاست کی ترقی سے متعلق نچلی سطح پر گرام سبھا میں بحث ہونے کے بعد سفارش کی جائے گی، یہ نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعہ حکومت پنچایت راج اداروں اور بلدی اداروں کے اقتدار میں لامرکزیت لانے کے علاوہ انہیں مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ گرام پنچایت سطح کی کمیٹی کیلئے رکن اسمبلی اور ضلع کمیٹی کیلئے ضلع نگران کار وزیر صدر ہوں گے۔ اس خصوص میں وارڈ اور گرام کمیٹیاں بھی تشکیل د ی جائیں گی، اور اگلے پانچ سال تک یہ مرحلہ جاری رہے گا۔ ان کمیٹیوں میں قبائلی طبقات اور کمزور طبقات کو بھی شامل کرتے ہوئے ان کی معاشی وسماجی ترقی کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج ایچ کے پاٹل ، اڈیشنل چیف سکریٹری وڈیولپمنٹ کمشنر ٹی ایم وجئے بھاسکر ، اڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش گوئل ، محکمۂ دیہی ترقیات وپنچایت راج کی پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ناگامبیکا دیوی ، چکرورتی موہن سمیت دیگر کئی افسران موجود تھے۔