بی جے پی اور کانگریس کے ہاتھوں میں کرناٹک محفوظ نہیں:کمارا سوامی
01:07PM Thu 15 Mar, 2018
سرسی۔15مارچ (یواین آئی ) جنتادل (سیکولر) کرناٹک یونٹ کے صدر ایچ ڈی کمارا سوامی نے نشاندہی کی کہ دونوں قومی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کے ہاتھوں میں ریاست محفوظ نہیں ہے ۔ انہو ں نے مئی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاست بھر کے دورہ کے حصہ کے طور پر سرسی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں عوامی مسائل کے حل یا پھر ترقیاتی پروگراموں کو اجاگر کرنے کے بجائے ا یک دوسرے کے خلاف شخصی حملے کررہی ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ بی جے پی نے عوامی سلامتی پر ریالی کی صدارت کے لئے اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کا تعاون حاصل کیا حالانکہ اترپردیش میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بدتر ہوگئی ہے ۔ادتیہ ناتھ کے پاس اپنے خود کے حلقے کے دورہ کا وقت نہیں ہے جہاں پر 150بچوں کی موت ہوئی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کو درپیش پانی کے مسائل بالخصوص بمبئی ۔ کرناٹک علاقہ کے مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ دونوں کانگریس اور بی جے پی نے ان کی پارٹی کو انتخابات میں کم اہمیت دی ہے جب کہ ان کی پارٹی کرناٹک میں بہتر موقف کی حامل ہوگی۔