ڈی کے روی کی موت ، آج سے سی بی آئی کی تحقیقات کا آغاز
12:51PM Sat 28 Mar, 2015
بھٹکلیس نیوز/28مارچ،15
بنگلورو(ایجنسی) پراسرار حالت میں آئی اے ایس آفیسر ڈی کے روی کی موت کی سی بی آئی کی طرف سے کل باضابطہ جانچ شروع ہوجائے گی۔ چنئی سے غیر فطری اموات کی جانچ میں ماہر سی بی آئی کی خصوصی ٹیم آج بنگلور پہنچ گئی۔ اس ٹیم کے افسران کل اس سلسلے میں سی او ڈی کے ساتھ تبادلہ ¿ خیال کریں گے، اور اس سلسلے میں سی آئی ڈی کے ایس پی کمار سوامی سی بی آئی افسران کو اب تک ہوئی تحقیقات کے متعلق تفصیلات بتائیں گے۔ ڈی کے روی نے خود کشی کی ہے یا ان کا قتل ہوا ہے اس سلسلے میں سی بی آئی ٹیم مختلف زاویوں سے تحقیقات کی شروعات کرنے جارہی ہے۔ تحقیقات کیلئے اب تک سی آئی ڈی نے جو بھی دستاویزات اور ثبوت یکجا کئے ہیں، وہ بھی کل سی بی آئی کے سپرد کردئے جائیں گے۔ روی کی بیوہ ، خسر اور دیگر رشتہ داروں سے پوچھ تاچھ کرکے جو بیانات قلمبند کئے گئے ہیں اور ساتھ ہی ان کے اپارٹمنٹ ، دفتر اور گھر پر تلاشی مہم کے دوران جو کچھ برآمد ہوا وہ تمام سی بی آئی کے سپرد کردیا جائے گا۔ روی کی دوست آئی اے ایس آفیسر روہنی سندوری کے ساتھ ان کے تعلقات اور مرنے سے پہلے روی نے روہنی کو جو پیغامات روانہ کئے تھے ،ان تمام کی تفصیلات بھی سی بی آئی کو دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے سی بی آئی سے کہا ہے کہ تین ماہ کے اندر اس معاملے کی تحقیقات کو پورا کیا جائے، تاکہ اس معاملے میں سچائی عوام کے سامنے لائی جاسکے۔
ع،ح،خ