بڈگام : جموں و کشمیر میں بڈگام کے ماگام کی پولیس نے لشکر طیبہ کے ایک معاون کو بارود سمیت گرفتار کیا ہے ۔ مازہامہ ماگام ریلوے کراسنگ کے قریب ارچندر ماگام میں ناکہ چیکنگ کے دوران ماگام پولیس نے ایک نوجوان کو مشکوک حالت میں روکا ۔ پولیس کے مطابق جب پولیس پارٹی اس کی طرف پہنچی تو اس نے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی ، لیکن پولیس اس کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
نوجوان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے ایک کلو دوسو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد ، دو الیکٹرانک ڈیٹونیٹر اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کئے گئے ۔ اس نوجوان کی شناخت چک سری پٹن کے دانش احمد ڈار کے طور پر ہوئی ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملی ٹینٹنوں کا گرفتار ساتھی بڈگام کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ملی ٹنٹنوں کو مختلف طرح کا مواد اور مدد فراہم کرنے میں ملوث ہے ۔
پولیسں کے مطابق ملی ٹنٹنوں کا گرفتار یہ ساتھی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ پاکستان میں موجود دہشت گرد کمانڈروں کے رابطے میں ہے اور کشمیر میں لشکر طیبہ کے خود ساختہ ملی ٹینٹ کمانڈروں سے بھی رابطے میں تھا ۔ اس سلسلے میں دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر ماگام پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔
بتادیں کہ حال میں سرینگر کے مضافات میں لشکر طیبہ کے ٹاپ کمانڈر ابرار ندیم کوگرفتار کیا گیا تھا ۔ اس کی گرفتاری کے بعد کئی گھنٹوں تک ایچ ایم ٹی میں انکاؤنٹر ہوا ، جس میں دو ملی ٹنٹنوں کو مار گرایا گیا ۔
جموں و کشمیر : لشکر طیبہ کا معاون گرفتار ، بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد
03:11PM Thu 8 Jul, 2021