ایک ماہ بعد بھی گوری قتل معاملہ حل نہیں ہوا قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے اہل خانہ کا مطالبہ
05:10AM Fri 6 Oct, 2017
بنگلورو۔6؍اکتوبر (ذرائع) سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل کو ایک مہینہ ہوگیا اس کے باوجود اس معاملہ کی جانچ کررہی ایس آئی ٹی نے ابھی تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ ایس آئی ٹی کو حاصل ہونے والے سراغ کی بنیاد پر ایس آئی ٹی نے تصاویر تیارکئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ جس کی وجہ سے ترقی پسند مصنفین نے تشویش ظاہر کی ہے۔ ایک ترقی پسند مصنف ڈاکٹر ایم ایم کلبرگی کو بھی نا معلوم قاتلوں نے ایک سال قبل موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔ ان کے قاتلوں کی تلاش بھی جاری ہے لیکن اس معاملہ کی جانچ کررہی ایجنسی کو ایک سال بعد بھی کوئی کامیابی نہیں ملی۔ پچھلے ماہ 5؍ستمبر کی شب گوری لنکیش کی رہائش گاہ کے روبرو قاتلوں نے ان پر تین گولیاں داغی تھیں۔ اس معاملہ کی جانچ کرنے اور قاتلوں کو گرفتار کرنے 120؍پولیس جوانوں اور افسروں پر مشتمل ایس آئی ٹی قائم کرکے اس کو آٹھ ٹیموں میں تقسیم کیاگیا ہے۔ پچھلے ایک مہینہ سے یہ آٹھ ٹیمیں اس قتل معاملہ کی جانچ کررہے ہیں انہیں اب تک کوئی ایسا ٹھوس ثبوت ہاتھ نہیں لگا ہے جس کی بنیاد پر قاتلوں تک پہنچاجائے۔ اس معاملہ میں ایس آئی ٹی نے اب تک کئی پیشہ ورانہ مجرموں کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اس اہم خاتون صحافی کے قتل کے ایک مہینہ بعد بھی قاتل آزادی کی زندگی بسرکررہے ہیں۔ کئی مرتبہ ریاستی وزیر برائے داخلہ امور رام لنگاریڈی نے بھی یہ بیان دیا ہے کہ ایس آئی ٹی کو گوری لنکیش کے قتل سے متعلق اہم ثبوت ہاتھ لگے ہیں۔ قاتل بہت جلد پکڑے جائیں گے۔ وزیر موصوف پچھلے ایک مہینہ سے اس بیان کو دوہرا رہے ہیں۔ گوری کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے ان کے اہل خانہ کی طرف سے بھی باربار دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
(سالار نیوز)