الیکشن ختم، مہنگائی کی مار شروع... پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
09:24AM Mon 20 May, 2019
لوک سبھا انتخاب کے ساتویں اور آخری مرحلہ کا ووٹنگ ختم ہوتے ہی ملک کی عوام کو مہنگائی کا زبردست جھٹکا لگا ہے۔ پیر یعنی 20 مئی کو تیل کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ پٹرول دہلی اور ممبئی میں 9 پیسے جب کہ کولکاتا میں 8 پیسے اور چنئی میں 10 پیسے لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت دہلی اور کولکاتا میں 15 پیسے جب کہ ممبئی اور چنئی میں 16 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہیں۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اتوار کو کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ کموڈیٹی بازار کے ماہرین بتاتے ہیں کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں آئی حالیہ تیزی کے بعد اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی الحال راحت ملنے کی گنجائش نہیں ہے۔
اینجیل بروکنگ کے انرجی و کرنسی ریسرچ معاملوں کے وائس پریسیڈنٹ انُج گپتا نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اس ہفتہ تخفیف کا امکان نہیں ہے بلکہ اضافہ کا سلسلہ چل پڑا ہے اور آگے دو سے تین روپے فی لیٹر تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں تیل کی قیمت میں جو اضافہ ہوا اس کا اثر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر جتنا نظر آنا چاہیے اتنا دکھائی نہیں دیا۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق پیر کے روز دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمتیں بڑھ کر بالترتیب 71.12 روپے، 73.19 روپے، 76.73 روپے اور 73.82 روپے فی لیٹر ہو گئے۔ ڈیزل کی قیمتیں بھی چاروں میٹرو پولیٹن شہروں میں بڑھ کر بالترتیب 66.11 روپے، 67.86 روپے، 69.27 روپے اور 69.88 روپے فی لیٹر ہو گئے ہیں۔