بینکوں میں پرانے نوٹ5.44لاکھ کروڑ روپے جمع

03:18PM Tue 22 Nov, 2016

نئی دہلی، )ایف او یس) حکومت کی طرف سے 500اور 1000کا نوٹ بند کرنے کے فیصلے کے بعد سے بینکوں کو 18نومبر تک 5.44لاکھ کروڑروپے کے پرانے نوٹ بدلے یا جمع کئے ہیں۔ریزرو بینک نے بیان میں کہا کہ 10سے 18نومبر کے دوران بینکوں کے کاؤنٹر یا اے ٹی ایم کے ذریعے 103316کروڑ روپے تقسیم کئے گئے۔حکومت کی طرف سے8نومبر،2016کو500اور 1000کا نوٹ بند کرنے کے اعلان کے بعد سے ریزرو بینک نے ایسے نوٹوں کو تبدیل کرنے یا جمع کرانے کا اہتمام کیا ہے۔یہ سہولت ریزرو بینک اور کمرشیل بینکوں کے ساتھ علاقائی دیہی بینکوں اور شہری کوآپریٹیو بینکوں میں دستیاب ہے۔بینکوں کے مطابق 10نومبر سے 18نومبر کے دوران انہوں نے 544571کروڑروپے کے نوٹ بدلے ہیں یا جمع کئے ہیں،اس میں سے 33006کروڑ روپے کے نوٹ کے بدلے گئے ہیں جبکہ 511565روپے جمع کئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران عوام نے اپنے اکاؤنٹس یا اے ٹی ایم سے103316کروڑ روپے نکالے ہیں۔نوٹ بندی کے اعلان کے بعد 10نومبر کو بینک کھلے تھے،اس دن سے آج تک بینکوں میں طویل قطاریں لگی ہیں،لوگ نوٹ تبدیل کرنے یا جمع کرنے کے لئے بینکوں اور ڈاک خانوں پر لائنیں لگاکرکھڑے ہیں،اے ٹی ایم پر بھی بڑی بڑی قطاریں دیکھنے کومل رہی ہیں۔حکومت نے لوگوں کو منسوخ کرنسی کا استعمال پٹرول ڈیزل، ریل یا ہوائی ٹکٹ خریدنے، بجلی پانی کی ادائیگی یاٹیکس ادائیگی کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں میں کرنے کی اجازت دی ہے۔