54فلائٹوں کے ذریعہ تقریباً 16ہزار ہندوستانی عازمین حج کی مدینہ منورہ آمد

04:33PM Mon 24 Aug, 2015

ہندوستانی مشن کی جانب سے عازمین حج کی فلاح و بہبود کیلئے غیر معمولی اقدامات عازمین حج صحت سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کریں:بی ایس مبارک مدینہ منورہ ،22اگست (آئی این ایس انڈیا ) ہندوستان سے اب تک کل 54فلائٹوں کے ذریعہ 16ہزار 725عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔جن کی رہائش کا انتظام مسجد نبوی کے انتہائی قریب کیا گیا ہے۔ مدینہ انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے حاجیوں کو ان کی رہائش گاہ تک پہنچانے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں ہندوستان کے قونصلر جنر ل بی ایس مبارک نے آئی این ایس انڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ ہندوستانی حج مشن نے عازمین حج کی سہولیات کے لیے غیر معمولی انتظام کیے ہیں،قیام و طعام، طبی سہولیات اور صفائی کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی رہائش،ہسپتالوں و دیگر اہم مقامات کی صفائی کیلئے پہلے سے کئی گنا انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کو ایئرپورٹ پر کسی قسم کی پریشانی نہ اٹھانا پڑے اس کے لیے ایک ٹیم ہمہ وقت ایئر پورٹ پر عازمین حج کو ریسیو کرنے اور ان کی رہنمائی کے لیے موجود رہتی ہے۔مسٹر مبارک نے بتایا کہ میں بذات خود حج سے متعلق تمام اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں اور جہاں بھی ضرورت محسوس ہوتی ہے ہدایات جاری کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں عازمین حج کی شکایت کے ازالے کے لئے 24x7ہیلپ لائن ڈیسک قائم کی گئی ہے جس کے ذریعہ اب تک 13شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ مسٹر مبارک نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لیے ایمبو لنس اور ڈاکٹروں کی ٹیم ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ انڈین حج مشن کے ذریعہ قائم او پی ڈی میں اب تک 459ہندوستانی عازمین حج کا علاج کیا جا چکا ہے ۔مشن کے تحت میڈیکل موبائل ٹیم بھی سرگرم عمل ہے جس نے اب تک 216عازمین حج کا علاج کیا ہے۔مسٹر مبارک نے بتایا کہ حج 2015کے دوران اب تک 2ہندستانی عازمین حج اس دار فانی سے کوچ کر چکے ہیں۔ مسٹر مبارک نے عازمین حج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ سے صحت متعلق انتباہات کو نظر انداز نہ کریں ، کیونکہ پوری دنیا سے 3ملین سے زیادہ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مکہ میں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں،اور ایسے میں موسمی بیماریوں کا خدشہ موجود رہتا ہے،انہوں نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ صحت سے متعلق ہدایات پر پوری طرح عمل کریں جس میں ہاتھ صاف رکھنا اور کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو ڈھانکنا اورجہاں تک ممکن ہومشتبہ متاثرہ افراد سے فاصلہ رکھنا ضروری ہے۔ ہدایات میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ اگر کسی عازم حج کو دوران حج سانس کی شدید تکلیف محسو س ہو ،بخار اور کھانسی ہو تو اسے فوری طورپر طبی امداد حاصل کرنی چاہئے۔متاثرہ عازمین کو بھیڑ بھاڑ والی جگہ پر جانے سے گریز کرنا چاہئے اور سانس کی تکلیف برقرار رہنے تک ممکنہ حد تک الگ تھلگ رہنا چاہئے۔ مشن نے انٹر نیٹ استعمال کرنے والے ہندوستانی عازمین حج کے لئے واٹس ایپ ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے، جس کے ذریعہ عازمین حج اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ ہیلپ لائن نمبر ہے: 00966543891481۔ مشن نے ’’انڈین حاجی اکومیڈیشن لوکیٹر ‘‘ کے نام سے ایک ایپ بھی شروع کی ہے جس میں حج کے تعلق سے تمام ترمعلومات موجود ہے ۔اس کے ذریعہ عازمین حج مستقل حج مشن کے رابطے میں میں رہ سکتے ہیں، اور اپنی کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کو آن لائن ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔ دوریں اثناء سعودی عرب کی حکومت نے حسب روایت امسال حج کے موقع پر حاجیوں کی حفاظت اور حج کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کے تحت حج کے موقع پر سیکیورٹی فورسز کو چار لیڈنگ فورسز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں بھاری ہتھیاروں سے لیس اور دھماکہ خیز مواد کی چھان بین کرنے والے جدید ترین آلات سے لیس اہلکار بھی تعینات کیے جا رہے ہیں۔ منی، مزدلفہ، عرفات اور دیگر تمام مقامات مقدسہ میں حجاج کرام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، ان میں انتظامی فورسز کے یونٹ بھی شامل ہیں۔ حج کے دنوں میں سات مختلف سیکیورٹی اداروں کی 400 سوار گشتی پارٹیاں، 100 موٹر سائیکل سوار اور 60 خفیہ پارٹیاں امن وامان کو یقینی بنانے کی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔