کشمیر میں برفانی تودوں کا قہر جاری، تازہ واقعہ میں 5 فوجی برف تلے دب کرلاپتہ
01:24PM Sat 28 Jan, 2017
سری نگر۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں فوج کی ایک گشتی پارٹی کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے پانچ فوجی اہلکار برف تلے زندہ دب کر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید برف باری کے باعث وادی کے متعدد سرحدی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کے واقعات پیش آئے جن میں ایک ہی کنبہ کے چار افراد اور 15 فوجی اہلکاروں سمیت کم از کم 20 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ مژھل سیکٹر میں فوج کے 56 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے پانچ اہلکار برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتہ ہوگئے ہیں جن کو ریسکیو کرنے کے لئے بچاؤ مہم شروع کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران وادی کے متعدد سرحدی علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کے واقعات پیش آئے جن میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا زیاں ہوا۔ 24 اور 25 جنوری کو شمالی کشمیر کے علاقہ تلیل میں برفانی تودے کے گرنے کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ کے چار افراد زندہ دب کر لقمہ اجل بن گئے ۔اسی دن وسطی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں ایک فوجی کیمپ کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے ایک فوجی میجر ہلاک ہوگیا۔ اس کے بعد شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں دو فوجی چوکیوں اور فوج کی ایک گشتی پارٹی کے بھاری برکم برفانی تودوں کی زد میں آنے سے 14 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ 27 جنوری کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر ایک معمر شخص کی موت واقع ہوئی ۔
اس دوران سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ وادی اور خطہ لداخ کے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کی تازہ وارننگ جاری کردی گئی ہے۔