آئندہ پانچ سالوں میں 5کروڑ پودے لگانے کا فیصلہ جنگلات کو ترجیح نہیں دی گئی تو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑے گا: امرنا رائنا

03:52PM Fri 14 Sep, 2018

چکبالاپور:14؍ستمبر (سالارنیوز) ریاستی حکومت کے تعاون سے روٹری کلب کے زیر اہتمام ضلع بھر میں 2024 تک 5کروڑ پودے لگانے کر جنگلا کی حفاظت کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ بات وظیفہ یاب کے اے ایس آفیسر امرنارائنا نے کہی۔ انہوں نے یہاں شہر کے تعلقہ پنچایت میٹنگ ہال میں ضلع پنچایت اور روٹری کلب کی طرف سے ’’ ہسیرو کرناٹکا اندولن‘‘ کے تحت تعلقہ کے گرام پنچایتوں کے صدور اور پنچاتی ڈیولپمنٹ آفیسرس کیلئے منعقدہ ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ روٹری کلب نے صرف صحت اور تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات کو محدود نہ رکھتے ہوئے ماحولیات کی حفاظت کیلئے بھی خصوصی پروگرام ترتیب دیاہے۔ اس کے تحت قحط سالی کا شکار چکبالاپور ضلع کے جملہ 6 تعلقوں میں بھی ماحولیات کے تحفظ کیلئے ضروری پروگرام کو حکومت کی مدد سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 2019 سے 2024 تک ہر سال ایک کروڑ کے حساب سے مختلف اقسام کے 5کروڑ پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہسیرو کرناٹکا آندولن کو ضلع بھر میں کامیاب بنانے تعلقہ پنچایت اور گرام پنچایت کے منتخب نمائندوں کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پودے لگانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ ان پودوں کی صحیح دیکھ بھال کر کے انہیں درخت کے طور پر تیار کرنا ضروری ہے۔ اس کی ذمہ داری گرام پنچایتوں کو اٹھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں اضلاع کولار۔ چکبالاپور میں ضرورت کے مطابق جنگلات کے نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال قحط کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بارش نہیں ہوپارہی ہے۔ملناڈ علاقے میں جنگلات زیادہ ہونے کے سبب ہمیشہ بارش کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور ماحول ہمیشہ سبزو شاداب رہتا ہے، مگر ان دونوں اضلاع میں جنگلات کی کمی کے سبب بارش نہیں ہورہی ہے۔ ماحولیات کے تحفظ کیلئے ہر ایک کو آگے آنا ہوگا۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے تعلقہ پنچایت ای او کے پی سنجیوپا نے کہا کہ تعلقہ کے ہر پنچایت کے جملہ 23گرام پنچایتوں کو سالانہ 32 ہزار پودوں کے حساب سے پودے تقسیم کئے جائیں گے۔پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسرس کو چاہئے کہ سرکاری اسکول، آنگن واڑی ، گرام پنچایت دفتر، محکمہ جنگلات مویشی پالن اور دیگر محکموں کے دفاتر کے احاطے میں پودے لگائیں اور مسلسل ان پودوں کی دیکھ بھال کریں۔ اس موقع پر بنگلور روٹری کلب کے صدر سرینواس، سکریٹری ترومروگن، تعلقہ پنچایت روزگار گیارنٹی اسکیم کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر منی راجو سمیت تعلقہ بھر کے 23 گرام پنچایتوں کے صدور اور پی ڈی اوز شریک تھے۔