این ڈی ٹی وی پر پابندی کے معاملہ کی سماعت 5دسمبر تک ملتوی، کانگریس نے حکومت کے رویہ کو آمرانہ بتایا
02:18PM Tue 8 Nov, 2016
نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات پر ایک دن کی پابندی کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سماعت پانچ دسمبر تک کے لئے آج ملتوی کر دی۔ این ڈی ٹی وی انڈیا کی جانب سے سینئر وکیل ایف ایس نریمن نے جسٹس اےكےسكری کی صدارت والی دو رکنی بینچ کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے خود ہی اپنے فیصلے پر روک لگا دی ہے۔ ایسی صورت میں کیس کی سماعت ملتوی کر دی جانی چا ہئے۔ اسے بینچ نے تسلیم کرلیا اور کہا کہ اسے بھی میڈیا کے ذریعے اس بات کی اطلاع ملی ہے۔ اس کے بعد عدالت نے سماعت پانچ دسمبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔
وہیں، کانگریس نے این ڈی ٹی وی انڈیا چینل پر پابندی لگانے کے فیصلے پر حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے آج الزام لگایا کہ اس نے دباؤ میں اپنا فیصلہ ملتوی تو کر دیا لیکن پابندی کو مکمل طور پر ہٹایا نہیں ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ اس کا رویہ آمرانہ ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر کپِل سبل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹی وی چینل پر پابندی لگانے کے سلسلے میں جب حکومت پر چاروں طرف سے حملہ ہوا تو دباؤ میں آکر اس نے پابندی لگانے کے اپنے فیصلے کو ملتوی کر دیا لیکن پابندی کو ہٹایا نہیں گیا ہے۔حکومت کے اس فیصلے سے صاف ہو گیا ہے کہ وہ آمرانہ ذہنیت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی سب سے بڑی دقت یہ ہے کہ اس کے کام کو لے کر سوال نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اس سے جو سوال کرتا ہے اسے غدار قرار دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کے دور حکومت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ سوال کرتے تھے اور حکومت اس کا جواب دیتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا جو بھی موقف ہو لیکن کانگریس سوال پوچھنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔