شمالی کنڑا ضلع میں سوائن فلو کے 5/معاملات۔ ڈاکٹر کمار

06:13AM Sat 21 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز / 21 مارچ، 15 کاروار / (نامہ نگار) ضلع صحت اور خاندانی بہبود کے آفیسر ڈاکٹر جی این اشوک کمار نے اطلاع دی ہے کہ شمالی کنڑا ضلع میں اب تک کل پانچ سوائن فلو کے معاملات ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام پرائمری اور سرکاری اسپتالوں میں اس کی دوا دستیاب ہے۔انہوں نےیہ بھی بتایا کہ شمالی کنڑا ضلع کے سرسی تعلقہ میں ایک ، یلاپور میں ایک ،کاروار تعلقہ میں ایک مریض کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جبکہ بھٹکل تعلقہ میں دو ایچ ون این ون سے متاثر ہونے کے بعد شفایاب ہوکر واپس آگئے ہیں۔تمام تعلقہ اسپتالوں اور ضلعی اسپتالوں میں حلق کا بلغم جمع کرنے کے کٹ دستیاب ہیں اس بیماری کے لئے مختص دوا اور 65/پرائمری ہیلتھ سینٹرز میں بچوں میں ایچ ون این ون کے علاج کے لئے ضروری مشروبات حفظ ماتقدم کے طور پر جمع کر کے رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سوائن فلو کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ہر گھر کو ہینڈ بلس تقسیم کئے جارہے ہیں۔اور لوگوں کی بھیڑ والے علاقوں میں بیانرز لگائے گئے ہیں ۔ گھروں کو ہینڈ بلس تقسیم کئے جانے کی تصدیق کرنے کے لئے گھر گھر جاکر تصدیق کی جارہی ہے۔لہٰذا لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن انہوں نے کہا ہے کہ اس بات کااحتیاط برتنا چاہئے کہ بیماری سے محفوظ رہیں ۔انہوں نے اپیل کی ہے کہ اس بیماری کے آثار نظر آئیں تو قریبی ہیلتھ سنٹر یا محکمہ صحت کے عملے کے لوگوں سے رابطہ قائم کریں۔