سعودی عرب کی یمن میں 5 روز کے لئے مشروط جنگ بندی کی تجویز
09:11AM Fri 8 May, 2015
بھٹکلیس نیوز / 08 مئ، 15
سعودیہ عربیہ / (ایجنسی) سعودی عرب نے انسانی بنیاد پر یمن میں 5 روز کے لئے مشروط جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے تاہم حوثی باغیوں کو اس دوران لڑائی بند کرنا ہوگی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری اورسعودی فرمانروا شاہ سلمان کے درمیان یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا جب کہ اس موقع پرجان کیری نے سعودی فرمانروا سے یمن میں انسانی بنیاد پر جنگ بندی کی اپیل کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان نے یمن میں 5 روز کے لئے جنگ بندی کی تجویز دی ہے تاکہ عالمی تنظیمیں متاثرہ افراد کو امدادی سامان باہم پہنچا سکیں تاہم اس عرصے کے دوران حوثی باغیوں کو لڑائی بند کرنا ہوگی جس پر عملدرآمد کی صورت میں اتحادی افواج کی جانب سے فضائی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
سعودی فرمانروا سے ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے سعودی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں جنگ بندی مشروط ہوگی جو باغیوں اور ان کے حامیوں کے لئے قیام امن کے لئے سنہری موقع ہوگا جب کہ جنگ بندی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی فرماں روا سے بات چیت کے دوران یمن میں زمینی فوج بھیجنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس موقع پرسعودی وزیرخارجہ عبدالجبیرنے مشروط جنگ بندی کی پیشکش کے ساتھ یمن کو 27 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا دورانیہ قابل تجدید ہوگا تاہم معاہدے کے کارآمد ہونے کا انحصار حوثیوں اور ایران کی اس رضامندی پر ہوگا کہ وہ جنگ بندی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کریں گے اور اس ضمن میں مزید معلومات پیرس میں جمعے کو منعقد ہونے والے اجلاس میں دی جائیں گی جس میں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے۔