نوئیڈا میں تبلیغی جماعت سے وابستہ 5 افراد گرفتار، پولیس سے جانکاری چھپانے کا الزام

04:37PM Tue 5 May, 2020

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے معاملے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔ اس درمیان حکومت تبلیغی جماعت سے وابستہ کارکنان کو لے کر انتہائی الرٹ ہے۔ منگل کو دہلی سے متصل نوئیڈا سے پولیس نے تبلیغی جماعت سے وابستہ 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ پانچوں افراد دہلی کے نظام الدین واقع مرکز تبلیغی جماعت سے نکل کر نوئیڈا کے بیگم پور گاوں میں رہ رہے تھے، جس کی اطلاع انہوں نے پولیس کو نہیں دی تھی۔ ’آج تک’ کی رپورٹ کے مطابق پکڑے گئے پانچوں جماعتی کارکنان کی شناخت محمد وسیم، محمد قاسم، دیوان، نورحسن اور محمد عمران کے طور پر ہوئی ہے۔ شاملی میں 15 افراد کئے گئےگرفتار اس سے قبل اترپردیش کے شاملی میں پولیس نے 15 جماعتی افراد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار کئے گئے جماعتی کارکنان میں 12 غیر ملکی شامل ہیں۔ پولیس نے ایک ماہ قبل ان کے خلاف ویزا کی خلاف ورزی کرنے اور وبا ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ سبھی افراد بغیر پولیس کو اطلاع دیئے ہوئے شاملی میں رہ رہے تھے۔