نائب صدر حامد انصاری روانڈا، اوگا نڈا کے 5 روزہ دورے پر روانہ 

02:18PM Mon 20 Feb, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)نائب صدر حامد انصاری روانڈا اور اوگانڈ ا کے پانچ روزہ دورے پر آج روانہ ہو گئے جہاں وہ ان دونوں مشرقی افریقی ممالک کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے، اس کے ساتھ ہی وہاں کئی پروگراموں میں بھی حصہ لیں گے۔کسی ہندوستانی لیڈر کی جانب سے سے روانڈا کا یہ پہلی اعلی سطحی دورہ ہے۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نائب صدر ان دونوں ممالک کے سربراہوں کی دعوت پر وہاں کے دورے پر جا رہے ہیں۔انصاری کے ان دونوں ممالک کے دورے کا مقصد ذیلی سہاراافریقہ کے علاقے میں ہندوستان کے سفارتی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔روانڈا کے بعدانصاری 21؍فروری کواوگانڈا پہنچیں گے۔1997کے بعد ہندوستان سے اوگانڈا جانے والا یہ پہلا اعلیٰ سطحی دوطرفہ وفدہوگا ۔نائب صدر کے ساتھ ان کی بیوی سلمی انصاری، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت وجے سانپلا، ایم پی کنی موجی، رن وجے سنگھ،رانی نارا اور پی کے بیجو کے علاوہ دیگر سینئر افسر ان دونوں ممالک کے دورے پر گئے ہیں۔روانڈا میں انصاری کیگالی میں اجتماعی قتل عام میموریل میں خراج عقیدت پیش کریں گے اور ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے بات چیت کریں گے اورروانڈا کے وزیر اعظم کی طرف سے منعقد ضیافت میں شامل ہوں گے۔