پاکستان: لاہور میں داتا دربار کے باہر دھماکہ، 5 افراد ہلاک، 24 زخمی
05:56AM Wed 8 May, 2019
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی راجدھانی لاہور میں داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں کم ازکم 5 افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوگئے۔ ابتدائی طور پر اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) داتا دربار نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق جس گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا وہ داتا دربار کی سیکورٹی پر مامور تھی جبکہ دھماکے کے بعد داتا دربار کے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب ہوا جبکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 2 شہری جاں بحق ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھا کرنا شروع کردئیے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو میواسپتال منتقل کردیا گیا۔