گڈکری جی! آپ بی جے پی میں تنہا باہمت شخص ہیں، رافیل پر بھی کچھ بولیے: راہل گاندھی
01:58PM Mon 4 Feb, 2019
نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو آج مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سچ بات کہنے کی ہمت کی اور امید ہے کہ وہ دیگر مسائل پر بھی اسی بے باکی سے اپنی بات کہیں گے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’ گڈکری جی، مبارک باد۔ بھارتیہ جنتا پارٹی میں آپ اکلوتے لیڈر ہیں جن میں کہنے کی ہمت ہے۔ مہربانی کرکے رافیل ، انل امبانی، کسانوں کی بری حالت اور اداروں کو برباد کیے جانے کے بارے میں بھی کچھ کہئے۔‘‘
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے جس میں نتن گڈکری نے کہا کہ جو اپنا گھر نہیں سنبھال سکتا اس کے لئے ملک کو دیکھنا آسان نہیں ہے۔ نتن گڈکری نے بی جے پی کی طلبا یونٹ بھارتیہ ودھارتی پریشد (اے ی وی پی) کے ایک پروگرام میں سنیچر کو کہا تھا کہ پارٹی کارکنوں کو پہلے اپنی گھریلو ذمہ داری کو پوری کرنی چاہیے کیونکہ جو لوگ اپنا گھر نہیں سنبھال سکتے وہ ملک کو نہیں سنبھال سکتے ہیں۔