سعودی عرب میں ڈرون طیاروں کی پرواز پر پابندی

03:27PM Sun 6 Dec, 2015

سعودی عرب میں ریموٹ کنٹرول کی مدد سے چلائے جانے والے ڈرون طیاروں کی پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی شہری دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون طیاروں میں لگے جدید ترین کیمرے جاسوسی کے مقاصد کے لیے استعمال ہونے کے ساتھ معمول کی پروازوں کے لیے بھی خطرے کا موجب بن سکتے ہیں لہٰذا ڈرون طیاروں کے کسی بھی قسم کے استعمال کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ شہری دفاع کے ایک عہدیدار نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مقامی سطح پر نگرانی اور دوسرے مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون طیاروں کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان میں سے بعض ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارے کھلونوں کے طورپر استعمال ہوتے ہیں جو بیرون ملک سے منگوائے جاتے ہیں، مگر ان کے استعمال سے نہ صرف جاسوسی کی کارروائیوں کا خدشہ ہے بلکہ ان کی وجہ سے پروازوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جاسوسی کی روک تھام اور مملکت میں پرازوں کے تحفظ کے تناظر میں ڈرون طیاروں پرپابندی عائد کی گئی ہے۔ سعودی شہری دفاع کے ایک عہدیدار عبدالحلیم البدر کا کہنا ہے کہ "ہر سائز، شکل اور قسم کے ڈرون طیاروں پر پابندی کا مقصد سعودی عرب کی فضاء کو محفوظ بنانا ہے۔ شہریوں کی جانب سے ڈرون طیاروں کے استعمال پر دنیا بھر میں تشویش پائی جاتی ہے۔"