سعودی سماج میں خواتین کی ڈرائیونگ اب بھی ناقابل قبول! کار میں لگائی آگ، دو گرفتار
12:54PM Thu 5 Jul, 2018
سعودی عرب میں بھلے ہی خواتین کو کار چلانے کی اجازت مل گئی ہو لیکن اس کے باوجود بھی ایسا لگتا ہے کہ سعودی سماج خواتین کی ڈرائیونگ کو تسلیم کرتا نظر نہیں آ رہا ہے۔ اس کی ایک مثال اس وقت دیکھنے کو ملی جب کل بدھ کے روز دو لوگوں نے ایک خاتون کی کار کو آگ کے حوالہ کر دیا۔ اس کے بعد پولیس نے فورا کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ مکہ کے حکام نے بتایا کہ ان دو لوگوں میں سے ایک شخص گیراج سے پیٹرول لے کر آیا اور دوسرے شخص نے کار کو آگ کے حوالہ کرنے میں مدد مانگی۔
العرب نیوز کے مطابق، متاثرہ خاتون کو سعودی عرب کے عوام کی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ سعودی عرب کی ہزاروں خواتین کی طرح ’مکہ میں بطور کیشئر کام کرنے والی 33 سالہ سلمی الشریف بھی خواتین ڈرائیونگ پر پابندی ہٹنے کے بعد سے گاڑی چلا رہی ہیں‘۔لیکن ان کی یہ نئی آزادی تب ختم ہوگئی جب ان کے گھر آکر کسی نے انہیں یہ بتایا کہ ان کی گاڑی میں آگ لگا دی گئی۔ وہیں دوسری جانب الشریف کا کہنا ہے کہ ان کی گاڑی کو ان لوگوں نے آگ لگائی جو خواتین کی ڈرائیونگ کی مخالفت کرتے ہیں‘‘۔
الشریف نے مزید کہا کہ ’’ میری آدھی تنخواہ 4000 ریال ڈرائیور پرخرچ ہوتے تھے۔ مجھے آفس سے لانا لے جانا ، بزرگ والدین کو پہنچانا، لیکن پابندی ہٹنے کے پہلے روز سے ہی مردوں نے مجھے نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا‘‘۔