بلڈرس کو اکرما سکرما کے دائرے میں لانے پر غور
01:05PM Fri 6 Mar, 2015
بھٹکلیس نیوز/6مارچ۔15
بنگلورو(ایجنسی)وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا نے آج بتایا کہ غیر قانونی لے آؤٹس تعمیر کرنے والے بلڈرس پر بھی اکرما سکرما منصوبے کے تحت جرمانہ عائد کئے جانے پر غور کیا جارہاہے۔اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ غیر قانونی سائٹ اور عمارت تعمیر کرنے والوں پر بھی اب یہ اسکیم نافذ ہے، جبکہ غیر قانونی لے آؤٹس تعمیر کرنے والے بلڈرس کو بھی اس کے دائرہ میں لائے جانے پر غور کیا جارہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلڈرس کے ذریعہ تعمیر لے آؤٹس میں سائٹ حاصل کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی گنجائش موجود ہے، جبکہ بلڈرس پر جرمانہ کی گنجائش کی عدم موجودگی سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت کے ذریعہ مقرر تائیدی قیمت پر کسان جوار فروخت کرنے کی پہل نہیں کررہے ہیں۔ اس خصوص میں کل افسران کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مناسب فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ حال ہی میں انہوں نے نائس روڈ پہنچ کر کسانوں سے بات چیت کی ہے، اور یہ شکایت سننے کو ملی ہے کہ معاہدہ کے مطابق انہیں معاوضہ مل نہیں پایا ہے۔ مسٹر جئے چندرا نے بتایا کہ میکے ڈاٹ سے قریب پل کی تعمیر اور پانی کے استعمال سے متعلق منصوبہ جاری کرنے کیلئے چھ کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے، عنقریب ان سے تبادلئہ خیال کرتے ہوئے مناسب فیصلہ لیا جائے گا