داعش کا ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے والا مہدی گرفتار
12:31PM Sun 14 Dec, 2014
بھٹکلیس نیوز/14دسمبر،14
بنگلورو/:بنگلوروپولیس نے عراق اور شام میں سرگرم انتہاپسند تنظیم آئی ایس کا ٹویٹر اکاؤنٹ چلانے والے مہدی مسرور بسواس کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔بنگلورو پولیس کے ڈائرکٹر جنرل ایم این ریڈی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ یہ شخص پیشہ سے انجینئر ہے اور اس نے یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو کئی برسوں سے چلا رہا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ وہ اس اکاؤنٹ کے ذریعہ آئی ایس کی آن لائن بھرتی مہم میں مددگار تھا۔مسٹر ریڈی نے بتایا کہ تفتیش سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ یہ شخص کٹر اسلامی نظریہ کا حامل ہے اور عربی زبان میں جو ٹویٹ آتے تھے انہیں انگریزی میں ترجمہ بھی کرتا تھا۔دوسری جانب دو لت اسلامیہ عراق و شام (آئی ایس آئی ایس)کا ٹوئیٹر اکاؤنٹ چلانے کے الزام میں گرفتار ہونے والے نوجوان کے والد نے دعوی ٰ کیا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور وہ یقین نہیں کرسکتے ہیں کہ ان کے بیٹے نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہے ۔مہدی مسرور بسواس کے والد نے کہا کہ ان کا بیٹا یہ ہرگز نہیں کرسکتا ۔مجھے بیٹے کی گرفتاری کا علم میڈیا کے ذریعہ ہوا ہے کہ ان کے بیٹے کی گرفتاری آج صبح ہوئی ہے ۔میرے بیٹے کی رہائی میڈیا کی حمایت کے بغیر نہیں ہوسکتی ہے ۔مجھے ہر ایک چیز کا علم میڈیا کے ذریعہ ہی ہورہاہے ۔مہدی مسرور کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے نے حال ہی میں کہا تھا کہ اس کا ای میل کسی نے ہیک کرلیا ہے۔آج صبح ہی بنگلور پولس نے مہدی مسرور کو آئی ایس آئی ایس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ برطانو ی نیوز چینل 4نیوز نے دعویً کیا تھا کہ SHAMIWITNESSاکاؤنٹ جس کے 17700 فلوور ہیں کو بنگلور سے آپریٹ کیا جارہا ہے ۔نیوز چینل نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ٹوئیٹر چلانے والے کا کہنا ہے کہ وہ داعش سے وابستہ ہونے کو تیار ہے کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کیلئے اکیلے کمانے والا ہے ۔