واجپئی کی استھی کلش یاترا پر اعظم خان نے کہا : ایسا احترام ملے تو آج ہی مرنا پسند
03:24PM Sun 26 Aug, 2018
Share:
سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی استھی کلش یاترا پر سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان نے اتوار کو پھر سے متنازع بیان دیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم واجپئی کے انتقال کے بعد نکالی جارہی استھی کلش یاترا پر نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کہیں سے بھی یہ پتہ چل جائے کہ موت کے بعد مجھے اتنا ( واجپئی کی طرح ) اعزاز ملے گا تو میں آج ہی مرنے کیلئے تیار ہوں ۔
رامپور سے سماجوادی پارٹی کے ممبر اسمبلی اعظم خان نے کہا کہ اگر اٹل جی کو اپنی زندگی میں یہ پتہ چل جاتا کہ ان کے مرنے کے بعد انکا اتنا احترام ہوگا تو مالک سے کچھ اور ہی دعا کرتے ۔ وہیں انتخابی ایشوز پر بولتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ بی جے پی کے پاس گئو رکشا ، گنگا کی صفائی اور مندر ایشو ہے ۔
اس سے پہلے جمعرات کو لکھنو میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی استھی کلش یاترا گومتی ندی میں استھی ویسرجن کے بعد ختم ہوئی ۔ اس سے پہلے حزب اقتدار اور اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ سبھی لوگوں نے اٹل جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔