بھوپال انکاؤنٹر کی ہوگی عدالتی جانچ ، مدھیہ پردیش حکومت نے دیا حکم

05:02AM Fri 4 Nov, 2016

بھوپال : بھوپال میں کالعدم تنظیم سیمی کے مبینہ کارکنوں کے پولیس انکاؤنٹر کی عدالتی جانچ ہوگی ۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سابق جج ایس پانڈے اس کی جانچ کریں گے ۔ مدھیہ پردیش حکومت نے سوالات سے گھرے اس انكاونٹر کی عدالتی جانچ کرانے کا حکم دیا ہے ۔ مشتبہ سیمی کارکنوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سینے میں گولی لگنے کی بات سامنے آئی تھی ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے سینے اور ٹانگوں پر تین جانبوں سے گولیاں لگی ہیں ۔ سبھی مشبتہ کارکنوں کی لاش پر گولی کے کم از کم 2 زخم ہیں ۔ سیمی کے مشتبہ کارکنوں کے جیل سے فرار کے ہونے کے بعد سے ہی جیل کی سیکورٹی کو لے کر بھی حکومت سوالوں کے گھیرے میں ہے ۔ مدھیہ پردیش پولیس اور جیل انتظامیہ کی باتوں پر سوال اٹھاتے ہوئے سیاسی جماعتوں نے اس انکاؤنٹر کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا تھا ۔ دراصل اس انکاؤنٹر کے تین الگ الگ ویڈیوز سامنے آئے ہیں ، جس کی وجہ سے اس انکاؤنٹر کی حقیقت پر سوال اٹھ رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز ایک آڈیو بھی سامنے آیا تھا ، جس نے شکوک و شبہات کو مزید تقویت بخشی ہے۔