ریاستی بی جے پی صدر سے گفتگو کے بعد اننت کمار ہیگڈے کے خلاف کارروائی ہوگی : جگدیش شٹر

09:37AM Thu 5 Jan, 2017

اپنی ماں کے علاج کے معاملے میں سرسی کے ڈاکٹروں پر حملہ کرنے والے اترکنڑا کے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کے رویہ پر بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے ودھان سبھامیں حزبِ مخالف لیڈر جگدیش شٹر نےبیان دیا ہے کہ ایم پی اننت کمار ہیگڈے کا رویہ صحیح نہیں ہے ، کوئی بھی ہو قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے۔ خشک سالی کا معائنہ کرنے والی ٹیم کے ساتھ وجئے پورا پہنچے حزبِ مخالف لیڈر جگدیش شٹر نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ اننت کمارہیگڈے کے خلاف کی جانے والی کارروائی کے متعلق وہ ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا کے ساتھ گفتگو کریں گے۔ جب کہ دکشن کنڑا حلقہ کے ایم پی نلین کمار کٹیل نے اپنی کرتوت پر معذرت ظاہر کی ہے تو اس تعلق سے کہنےکے لئے کچھ نہیں ہے۔ خیال رہے کہ 2جنوری کی رات اترکنڑاا ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے سرسی کے مشہور ٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے پر غنڈہ گردی کرتے ہوئے حملہ کیا تھا۔ حملہ کے بعد دیر رات ڈاکٹروں نے اسپتال کے صدر شانتارام ہیگڈے کی صدارت میں میٹنگ منعقد کرتے ہوئے آپسی رضامندی سےمعاملے کو سلجھانے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے ایم پی کے خلاف کیس درج کرنے پولس تھانہ پہنچے تو ایم پی کے حمایتیوں نے بھی پولس تھانہ پہنچ کر ڈاکٹروں پر ہی الزام عائد کیا کہ ڈاکٹروں نے ہی ایم پر حملہ کیااہے دونوں طرف کی شکایت کو دیکھتے ہوئے پولس نے بات چیت کے ذریعے دونوں کے درمیان صلح کرایا اور بھیج دیا۔ عوامی سطح پر کہا جارہاہے کہ غنڈے لوگ اکثر ایسا ہی کرتے ہیں خود حملہ کرتے ہیں غنڈہ گردی کرتے ہوئے دوسروں کی پیٹائی کرتے ہیں، جب معاملہ پولس تھانہ لے جایا جاتا ہے تو خود پولس تھانہ پہنچ کر اپنے اوپر ہی حملہ کئے جانے کی شکایت درج کراتے ہیں۔ چونکہ ڈاکٹر شریفانہ رویہ اختیار کرتے ہیں ، مخالف گروہ یعنی ایم پی کی طرف سے بھی کیس در ج ہونےسے خوف کھاتے ہوئے پولس تھانے میں کیس درج نہیں کیا گیا ۔ البتہ حملہ کا شکار ہوئے ڈاکٹر مدھوکیشور کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے کوئی بھی غلطی نہیں ہوئی ہے، معاملہ سب کے سامنے ہے ، بار بار واقعہ کو دہرانا نہیں چاہتا، میں ذہنی اور جسمانی سطح پر کمزور ہوں ، کچھ بھی کہنا نہیں چاہتا۔