لالو یادو کا وزیر اعظم پر پھر نشانہ ، کہا : مودی کو عدالتی چکر سے بچانے کیلئے لایا گیا نوٹ بندی پر آرڈیننس
01:10PM Thu 29 Dec, 2016
پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگلے سال 31 مارچ کے بعد پرانے نوٹ کے سلسلے میں قانونی تنازعہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کو بچانے کیلئے مرکزی حکومت نے نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسٹر یادو نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ آئندہ سال 31 مارچ کے بعد اگر کوئی شخص پرانے نوٹوں کے معاملے میں عدالت جاتا ہے تو ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے کہ وزیر اعظم مسٹر مودی کو عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔نوٹ پر یہ لکھا رہتا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا اس نوٹ کو رکھنے والے شخص کو اتنی ہی قیمت ادا کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی شخص عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتا ہے اور اس سے بچنے کے لئے ہی آرڈیننس لایا جا رہا ہے۔
آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ اب مسٹر مودی خود کو بچانے کیلئے طرح طرح کا دھوکہ دے رہے ہیں۔نوٹ بندي سے پیدا ہوئے مسائل کی کوئی انتہا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ نہیں لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے۔ انہوں نے اپنے خاص انداز میں کہا کہ مسٹر مودی اب اچھل کود بند کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ نوٹ بندي کے بعد کتنا کالا دھن آیا۔