ٹھیک کہہ رہے ہیں آفریدی، وہ پاکستان نہیں سنبھال پا رہے، کشمیر کیا سنبھالیں گے: راجناتھ سنگھ

11:57AM Thu 15 Nov, 2018

کشمیر پر اپنی رائے رکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیکھی تنقید کا شکار ہو رہے پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے بیان پر اب وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے آفریدی کے بیان پر طنز کستے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں، وہ پاکستان نہیں سنبھال پا رہے ہیں تو کشمیر کیا سنبھالیں گے؟ نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا، "آفریدی نے بات تو بہت ٹھیک کہی ہے۔ وہ پاکستان نہیں سنبھال پا رہے، کشمیر کیا سنبھال پائیں گے۔ کشمیر بھارت کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔ پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی شاہد آفریدی کا ایک ویڈیو بہت وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں وہ یہ کہتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں کہ ’’ پاکستان کو کشمیر نہیں چاہئے۔ پاکستان سے خود کے چار صوبے نہیں سنبھل رہے۔ اس لئے کشمیر کو آزاد ملک بننے دو۔ انسانیت سب سے بڑی چیز ہوتی ہے۔ کشمیر میں لوگ مر رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ کسی بھی برادری میں کسی بھی کی موت ہوتی ہے تو وہ تکلیف دہ ہے۔ پاکستان کو نہیں چاہئے کشمیر۔ کشمیر ایک الگ ملک بنے۔ کم از کم انسانیت تو زندہ رہے‘‘۔