بی ایم جے ڈی کی تعلیمی اسکالرشپ کے لئے درخواستیں مطلوب
12:13PM Fri 1 Jun, 2018
بھٹکل: یکم مئی،2018 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلیم قوموں كے ارتقا كی علامت اور ترقی كی ضمانت ہے، جس قوم كا معیارِ تعلیم جتنا بلند ہوتا ہے اسكی ترقی كے امكانات اتنے ہی زیادہ روشن ہوتے ہیں اور اس كے افراد كی سوچ میں بھی بلندی اور پختگی پائی جاتی ہے۔ معیارِ تعلیم كو بلند كرنے كیلئے ضروری ہے كہ اعلیٰ تعلیم كا حصول آسان اور ہر فرد كی اس تك رسائی ممكن بنائی جائے۔
معاشرہ كے بیشتر طلبہ كے لئے مالی وسائل كی فراہمی کو آسان بنانے کے لئے بھٹكل مسلم جماعت دبئ نے کئی سال پہلے طلبہ كے لئے اسكالرشپ اسكیم كا آغاز كیا تھا، جس كے تحت قومی مركزی تعلیمی ادارہ انجمن كے اسكول وكالجس میں زیر تعلیم مستحق طلبہ كا اسكالرشپ كی صورت میں مالی تعاون كیا جاتاہے اور انہیں دركار دیگر سہولیات بھی فراہم كی جاتی ہیں-
جنرل سکریٹری بی ایم جے ڈی کی اطلاع کے مطابق گذشتہ سال سے اسکالرشپ پالیسی میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں جو طلبہ مستقبل میں جرنلزم، Law اور سول سروسز (IAS, IPS, IFS) میں جانے کا رجحان رکھتے ہیں انہیں PUC اور Degree اسکالرشپ کے لئے ترجیح دی جائیگی مزید ان طلبہ کی خصوصی امداد اور رہنمائی کی جائیگی.
جو طلبہ اس کے لئے درخواست دینا چاہتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ مطلوبہ فارم رابطہ دفتر بھٹکل سے حاصل کریں اور مقررہ تاریخ سے پہلے تک اسے جمع کریں، فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 10؍جون،2018 ہے.