غلاف کعبہ 'کسوہ' کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا انعقاد
06:59AM Wed 23 Sep, 2015
مکہ مکرمہ ۔( العربیہ)خانہ کعبہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب 9 ذی الحج کو عازمین کے عرفات پہنچنے پر منعقد کی جاتی ہے۔ غلاف کعبہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے تحفتاً پیش کیا جاتا ہے۔
سونے، چاندی اور خالص ریشم سے بنے غلاف کعبہ کی لاگت 2 کروڑ 20 لاکھ ریال ہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام نماز فجر کے بعد شروع ہوا، نئے غلاف میں 670 کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔
غلاف کی تیاری میں 150 کلو گرام خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ہے اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں-
غلاف کا سائز 658 مربع میٹر ہے اور یہ 47 حصوں پر مشتمل ہوتا ہے، ہر حصہ 14میٹر طویل اور 95 سینٹی میٹر چوڑا ہوتا ہے۔ زمین سے تین میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی چھ میٹر اور چوڑائی تین میٹر ہے۔ غلاف کعبہ چار دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے۔