باغی ارکان اسمبلی کے خلاف کانگریس کی اسپیکر سے شکایت پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرنے والے 4؍ارکان اسمبلی کو رکنیت کے لئے نااہل قرار دینے کی درخواست
12:37PM Tue 12 Feb, 2019
بنگلورو۔12؍فروری (سالارنیوز) پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں کانگریس پارٹی کے 4؍ناراض ارکان کو اسمبلی کی رکنیت کے لئے نااہل قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ ریاستی کانگریس لجس لیچرس پارٹی (سی ایل پی) کے لیڈر وسابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج دوپہر کو اسمبلی کے اسپیکر رمیش کمار کو یہ درخواست پیش کی۔ آج ودھان سودھا میں انہوں نے اسپیکر سے ملاقات کی اور بتایا کہ ان ارکان اسمبلی کو پارٹی سے سی ایل پی اجلاس سے غیر حاضر رہنے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیاگیا تھا جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ چاروں ارکان اسمبلی بجٹ اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے، اس لئے انہیں اسمبلی کی رکنیت کے لئے نا اہل قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور، ریاستی وزیر کرشنا بائرے گوڈا اور کے پی سی سی کے صدر دنیش گنڈوراؤ بھی حاضر رہے۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے پیش کی گئی درخواست میں ارکان اسمبلی رمیش جارکی ہولی، مہیش کمنلی، اومیش جادھو اور ناگیندرا کو رکنیت کے لئے نااہل قرار دینے کی گزارش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی وہپ ، ہدایات اور فرمان کی خلاف ورزی پر سدارامیا نے ان کے خلاف پارٹی بدلی مخالف قانون کے تحت درخواست داخل کی ہے۔ درخواست سے قبل انہوں نے وکیلوں سے بھی مشورہ کیا تھا۔ ان ارکان کے خلاف کارروائی یقینی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ اگر اسپیکر نے انہیں رکنیت کے لئے نا اہل قرار دے دیا اور ان ارکان نے عدالت میں عرضی داخل کی تو بھی انہیں کافی دشواریوں کا سامنا ہوگا، کیونکہ یہ معاملہ بی جے پی حکومت کے دوران داخل کی گئی درخواست معاملہ سے مختلف ہے۔ ذرائع سے پتاچلاہے کہ اسپیکر کو 82؍صفحات پر مشتمل درخواست پیش کی گئی ہے جس میں چاروں ارکان سے متعلق اخباری خبریں، ذرائع ابلاغ کو ان کی جانب سے دیئے گئے انٹرویو، سی ایل پی اجلاس سے ان کے غیر حاضر رہنے پر انہیں جاری کئے گئے نوٹس کی کاپیاں منسلک کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر درخواست قبول کرنے کے بعد ماہرین قانون سے مشورہ کریں گے۔ بعد ازاں باغی ارکان کو نوٹس جاری کریں گے۔ انہیں اپنی وضاحت پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد ہی اسپیکر ان کی رکنیت کی نااہلیت کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔