اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار کا بھٹکل دورہ؛ سڑکوں اور شاہراہوں پر جمع ہورہے پانی پر ظاہر کی تشویش

05:13PM Tue 30 Jul, 2019

بھٹکل: 30 جولائی، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار بارش کے بعد کی صورتحال جاننے کے لیے صوموار کے روز بھٹکل آئے ہوئے تھے۔ اس دوران انہوں نے مختلف افسران سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ماتحت آنے والے محکموں کے تعلق سے جانکاری لی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر حال ہی میں ہوئی تیز بارش کے بعد سڑکوں اور شاہراہوں پر جمع ہوئے پانی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں ہمیشہ سے برسات کے موسم میں ایسے ہی بارش ہوتی ہے۔ انہوں افسران سے اس بار شاہراہ پر گھنٹوں رکے پانی کے تعلق سے جواب جاننا چاہا۔ ڈی سی نے اس موقع پر تمام افسران کو بارش کے دنوں میں تندہی سے کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی افسرایسے موقع پر غیر حاضر رہتا ہے تو پھر اس کے خلاف سخت کارروائی  کی جائے گی۔ اس نشست میں مچھلی مارکیٹ کے تعلق سے ڈپٹی کمشنر نےمیونسپال چیف سے وضاحت چاہی تو انہوں نے کہا کہ  وہاں مچھلی فروخت کرنے والی عورتیں نئی مارکیٹ میں جانے کے لیے تیار نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسئلہ پیش آرہا ہے۔ ڈی سی نے  اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یا پھر خود اپنی موجودگی میں ایک میٹنگ منعقد کرنے کا حکم دیا اور اس مسئلہ کو حل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر  ساجد ملا صاحب نے بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل ڈی سی کو سونپی۔ میٹنگ میں تحصیلدار وی پی کوٹرولی،تعلقہ پنچایت آفیسر پربھاکر، بلدیہ چیف آفیسر دیوراج، آر پی نایک سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔