انتخابات کی تاریخ کے اعلان ہونے کے بعد عدالت مداخلت نہیں کرسکتی: سنجیو کمار

03:22PM Thu 11 Oct, 2018

بنگلورو۔11؍اکتوبر(سالار نیوز)ریاست کے 3لوک سبھا حلقوں کیلئے ہورہے ضمنی انتخابات کو ٹالنے کے امکانات نہیں ہیں ۔ یہ بات ریاستی چیف الیکشن کمشنر سنجیو کمار نے کہی۔ اخباری کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بلاری ، شیموگہ اور منڈیا لوک سبھا حلقے جب خالی ہوئے اس وقت لوک سبھا کی مدت ایک سال باقی تھی ۔ اس لئے چیف الیکشن کمیشن نے عوامی نمائندہ ایکٹ 151اے کے تحت انتخابات کااعلان کیا ہے ۔ اس میں کسی قسم کانقص نہیں ہے ، لیکن چند سیاسی پارٹیاں غیر ضروری طور پر الزامات لگا رہی ہیں ۔ آندھرا پردیش کے لوک سبھا اراکین جب اپنی سیٹوں سے مستعفی ہوئے اس وقت پارلیمانی مدت ایک سال سے کم تھی ۔ اس لئے وہاں خالی پارلیمانی حلقوں کے لئے ضمنی انتخابات کااعلان نہیں کیا گیا ۔ لوک سبھا کی تین سیٹوں کے لے ہورہے ضمنی انتخابات کا معاملہ سماعت کے لئے عدالت پہنچا ہوا ہے۔ اگر آئینی سماعت کے بعد لوک سبھا انتخابات کو رد کردیے تو اس وقت کیا ہوگا ؟ اس سوال پر سجیو کمار نے کہا کہ انتخابات کا نظام الاوقات اعلان کئے جانے کے بعد عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔