بھٹکل میں کل سے لاک ڈاؤن میں رعایت: کنٹینمنٹ ایریا کو چھوڑ کر باقی جگہوں میں کھلیں گی یہ دکانیں۔اتوار کو مکمل دن بند
10:11AM Thu 28 May, 2020
بھٹکل: 28 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں اب کورونا کے چونکہ صرف پانچ ایکٹیو کیسس بچے ہیں اس لیے کل سے پانچ ایریا کو چھوڑ کر تمام جگہوں سے محدود وقت کے لیے لاک ڈاؤن ہٹایا جارہا ہے ۔ اس کی اطلاع آج ضلع ایس پی مسٹر شیوپرکاش دیوراج نے اخباری کانفرنس میں دی ہے۔
انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں چھوٹ دی گئی وہاں کرانہ دکانیں، گوشت کی دکانیں، نائی کی دکانیں، میڈیکل اسٹور، بینک، پیٹرول بنک، بیکری، تعمیری کام وغیرہ جیسی ضروری چیزوں کی دکانیں صبح 08:00 بجے سے 02:00 بجے تک کھلی رہیں گی۔ جبکہ یکم جون سے دیگر دکانیں بھی کھلیں گی، تاہم ریاست میں جاری حکم کے مطابق اتوار کے دن کوئی دکان کھلی نہیں رہے گی۔۔
ایس پی شیو پرکاش نے کہا کہ جن محلوں میں کورونا کے کیسس ملے تھے ان کو کنٹینمنٹ ایریا میں ڈالا گیا اور ان کو ابھی بھی سیل ڈاؤن رکھا گیا ہے ان میں مدینہ کالونی، کوکتی نگر، گڈلک روڈ، سلطان اسٹریٹ، عثمانیہ مسجد روڈ شامل ہیں ان علاقوں کے 100 میٹر کے اطراف تک سیل ڈاؤن ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن ہٹانے کا مقصد ہے کہ ہم اس طرح کرکے عوام کا رویہ دیکھیں گے اور اس کے بعد کس طرح کی مشکلات پیش آرہی ہیں ان سب کو دیکھا جائے گا جس کے بعد یکم جون کو مزید رعایت دی جائے گی۔
ایس پی نے کہا کہ یہ سب 8 جون تک جاری رہے گا اور اگر اس وقت تک کوئی نیا کیس سامنے نہیں آتا ہے تو پھر اس سے زیادہ وقت کے لیے رعایت دی جائے گی اور بہت سی دیگر دکانوں کو بھی چھوٹ دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ماسک کا پہننا اور سوشیل ڈسٹنسنگ پر عمل کرنا ضروری ہے اگر کسی دکان کے سامنے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائی گئی تو پھر اس کا لائسنس ہی منسوخ کیا جائے گا۔ اس پر عمل کروانے کی ذمہ داری دکان والوں کی ہی ہوگی۔
موصوف نے اس موقع پر ایک چیز کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کے مقابلہ میں جو بھی کورونا کیسس ملے ہیں وہ باہر سے آئے ہوئے ہیں اور ان کو گھر والوں سے ملنے سے پہلے ہی کورنٹائن کیا گیا تھا، لیکن بھٹکل میں معاملہ الگ تھا یہاں کمیونٹی میں اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے اس طرح کا لاک ڈاؤن کیا گیا تھا اس کے علاوہ اور کوئی وجہ نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے معاملات سے بچنے کے لیے محلہ میں رضاکار (والنٹیرس) بنائے گئے ہیں جو باہر سے آنے والوں کی معلومات حاصل کریں گے اور ان کے صحت کی جانچ کرائیں گے اور انتظامیہ کو خبر دیں گے جس کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔
ایس پی نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ذرا صبر سے کام لیں کیوں کہ ایک ہی بار تمام چیزوں کا صحیح ہونا ممکن نہیں ہے۔ ایس پی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عوام ماسک کو لازمی کر لیں اور سماجی دوری کی پابندی کریں۔
اس اخباری کانفرنس میں ایس پی کے علاوہ اسسٹنٹ ایس پی مسٹر نکھل بلاور، اسسٹنٹ کمشنر مسٹر بھرت ایس و دیگر اہلکار موجود تھے۔