اراکین اسمبلی کی خریدی کا خوف گجرات کے تمام کانگریس اراکین اسمبلی بنگلور میں
04:21PM Mon 31 Jul, 2017
بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ گجرات کے لگ بھگ 44کانگریس کے اراکین اسمبلی کو بنگلور لایا گیا ہے تاکہ ان اراکین اسمبلی کی خریدی اور فروخت نہ ہوسکے اور ان تمام اراکین اسمبلی کو بنگلور کے مضافات بڑدی کے قریب ایگل ٹان ریسارٹ میں رکھا گیا ہے اور تمام اراکین اسمبلی کو بھرپور سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور ان کے لئے کڑی پولیس سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے ۔ان تمام اراکین اسمبلی کی خاطر نوازی اور مہمان نوازی کی ذمہ داری وزیر برائے توانائی ڈی کے شیوا کمار کو سونپی گئی ہے ۔یہ اراکین اسمبلی اگلے ماہ7اگست تک بنگلور میں قیام کریں گے اور 8اگست کو راجیہ سبھا کیلئے ہونے والے انتخابات میں ووٹنگ کریں گے۔کانگریس نے پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے سکریٹری احمد پٹیل کو راجیہ سبھا کارکن بنانے کا فیصلہ لیا ہے اور عین موقعہ پر کانگریس کے چھ اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے جس سے کانگریس کو زبردست ناکامی ہوئی ہے دیگر اراکین اسمبلی کو بھی خریدے جانے کے خوف سے تمام اراکین اسمبلی کو گجرات سے بنگلور بھیجا گیا ہے۔کل رات سات اراکین اسمبلی گاندھی نگرسے بنگلور پہنچ چکے تھے اور آج صبح کی اولین ساعتوں میں بنگلور پہنچے۔ کیمپے گوڈا انٹر نیشنل ایرپورٹ پران کاشاندار خیر مقدم کیا گیا۔ 8اگست کوہونے والے راجیہ سبھا کے انتخابات کے لئے اچانک اراکین اسمبلی کی خریدی کا کام شروع ہوگیا تھا اور اچانک سات اراکین اسمبلی نے کانگریس سے استعفی دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری او رکرناٹک میں پارٹی معاملات کے انچارج کے سی وینوگوپال نے وزیر اعلیٰ سدا رامیا اورشیوا کمار کو ان اراکین اسمبلی کی مہمان نوازی کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب تمام اراکین اسمبلی کو سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا ہے اور انہیں میسور ۔اُوٹی۔ کورگ اور دیگر سیاحتی مراکز کا بھی دورہ کرایا جائے گا۔ ان کے لئے بنگلور میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے بھی دعوت ہوگی اور ان اراکین اسمبلی کی مہمان نوازی میں کسی بھی طرح کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔