مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس؛ چیف قاضی نے منکرات پر سنائی دوٹوک

03:46PM Sat 31 Dec, 2016

بھٹکلیس نیوز / 31 دسمبر، 16 بھٹکل / (نامہ نگار) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس گزشتہ شب بعد نماز عشاء خلیفہ جماعت المسلمین میں منعقد ہوا، اس اجلاس میں چیف قاضی مرکزی خلیفہ  جماعت المسلمین جناب مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی صاحب نے معاشرہ میں پھیل رہی خرابیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بہت ہی سخت انداز میں اس پر نکیر کی ، مولانا محتر م نے رات کے اوقات میں محلوں کے باہر کھڑا رہنے کو اس  وقت کی سب سے بڑی خرابی قرار دی اور اسے ہی خرابیوں کی جڑ کہا، مولانا نے کہا کہ   آئندہ کچھ دنوں میں ان منکرات کی روک تھام کے لئے جماعت کی طرف سے سخت قدم اٹھایا جائے گا اور پولس محکمہ کے تعاون سے ان سب چیزوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔ چیف قاضی  نےمنکرات کی روک تھام کے سلسلہ میں حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک آدمی کی ذمہ داری ہے کہ وہ منکر کو اپنے ہاتھ سے روکے ،اگر یہ نہیں ہوسکتا تو پھر زبان سے روکے اور یہ بھی نہیں ہوسکتا تو پھر دل سے اسے برا سمجھے ۔مولانا محترم نے اسے ایمان کا کمزور ترین درجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آپس میں منکرات پر باتیں بنانے کے بجائے اسے روکنے کی کوشش کرنی چاہئے۔اس کے علاو ہ اس موقع پر صدر  اجلاس جناب  سید سقاف برماور صاحب، مولانا جعفر فقیہ ندوی صاحب، مولانا فرقان صدیقہ ندوی صاحب نے بھی اتحاد اور جماعت سے متعلق مفید باتیں بتائیں۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد  مولوی عمیر سدی باپاندوی  نے نعت پیش کی۔ جناب اسماعیل چیڈو باپا صاحب شابندری نے استقبالیہ کلمات پیش کئے جبکہ جناب طلحہ سدی باپا صاحب  نے سالانہ رپورٹ اور حساب کتاب کو پیش کیا۔اجلا کا اختتام جناب مولوی ہارون کنڈلوری ندوی کے شکریہ کلمات پر ہوا۔اجلاس سے قبل شبینہ مکتب کے طلبہ کا پروگرام بھی پیش کیا گیا تھا جس کے تشجیعی انعامات اجلاس کے آخر میں دئے گئے، نظامت  کی ذمہ داری جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب نے انجام بخوبی انجام دی۔ ڈائس پر  مذکورہ حضرت کے علاوہ جناب ہاشم صاحب، جناب ابوبکر قمری صاحب وغیرہ موجود تھے۔   annual-ijlas-05